دیوالی کی رات بدمعاشوں نے اپنے ہی دوست پر چاقو سے حملہ کر دیا، علاج کے دوران موت
اندور، 21 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں دیوالی کی رات 12-10 بدمعاشوں نے اپنے ہی دوست پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ زخمی دوست کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ مقتول خود بھی ہسٹری شیٹر بدمعاش تھا اور اس کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ واقعے کا ایک سی سی ٹی وی فٹیج سامنے آیا ہے۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
معلومات کے مطابق واقعہ آزاد نگر کے پالدا علاقے کا ہے۔ آزاد نگر تھانہ کے ٹی آئی لوکندر بھدوریا کے مطابق یہ واردات پیر کی رات تقریباً ایک بجے پیش آئی۔ مقتول کی شناخت راجہ سونکر (30) ولد ستیش سونکر، رہائشی پارسی محلہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ راجہ پیر کی رات اپنے ساتھیوں کے ساتھ پالدا علاقے میں ایک نجی بس ڈپو کے قریب گارڈ روم کے باہر شراب پارٹی کر رہا تھا۔ اسی دوران جھگڑا ہو گیا، جو مارپیٹ اور چھری سے حملے تک پہنچ گیا۔ واقعے کا ایک سی سی ٹی وی فٹیج سامنے آیا ہے، جس میں نوجوان حملے کے بعد اٹھتا ہے لیکن لڑکھڑانے لگتا ہے۔ اہل خانہ اسے ایم وائی اسپتال لے گئے، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق اس معاملے میں وسیم اور اس کے ساتھیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ راجہ سنیوگیتا گنج تھانے کا فہرست شدہ بدمعاش تھا اور اس کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ کچھ وقت قبل سنیوگیتا گنج پولیس نے اسے جلاوطن بھی کیا تھا، جس کی مدت 10 نومبر کو ختم ہونی تھی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن