کشتواڑ پولیس نے تین بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا
جموں، 21 اکتوبر (ہ س)۔ منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بناتے ہوئے کشتواڑ پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے۔ دو علیحدہ آپریشنز میں پولیس نے تین بدنام زمانہ اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 14 گرام سے زائد ہیروئن جیسا نشہ آور مادہ اور 24 ہزار 800 روپے نقدی برآمد کی۔ ایس ایس پی کشتواڑ، نریش سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے پولیس نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ حساس مقامات پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی منشیات فروش کو قانون کی گرفت سے بچنے کا موقع نہ مل سکے۔
پولیس کے مطابق 20 اکتوبر کو پولیس اسٹیشن کشتواڑ کی ایک ٹیم، زیرِ قیادت سب انسپکٹر لال حسین، چوگان گراؤنڈ کے قریب گشت کے دوران دو عادی منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی جنہیں مقامی طور پر کھانڈے برادران کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گرفتار شدگان کی شناخت محمد اقبال کھانڈے اور محمد یاسین کھانڈے سکنہ کیشوان، حال مقیم شکتی نگر کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے تقریباً 8 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا۔
اسی روز پولیس پوسٹ شالیمار کی ٹیم، زیرِ قیادت پی ایس آئی صوفی اشرف، نے مالی پتھ علاقے میں گشت کے دوران ایک اور منشیات فروش اعجاز احمد کھانڈے ولد خوشی محمد کھانڈے ساکن تھکری، حال مقیم گری نگر کشتواڑ کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 5.5 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا۔ ان دونوں کارروائیوں کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں ایف آئی آر نمبر 215/2025 اور 217/2025 کے تحت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس منشیات کے نیٹ ورک کے دیگر روابط کا بھی پتہ لگایا جا سکے۔
ایس ایس پی نریش سنگھ نے کہا کہ کشتواڑ پولیس منشیات کے کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سماجی برائی کے خاتمے میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر