وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے آئندہ تہواروں کے سلسلے میں ورچوئل کانفرنس کے ذریعے خطاب کیا۔
بھوپال، 19 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ریاست کی ثقافتی، مذہبی اور سماجی وراثت کو محفوظ رکھنے کے لیے آنے والے 21 اور 22 اکتوبر کو ریاست کے تمام اضلاع کے اہم عوامی مقامات اور گئوشالاوں میں گووردھن پوجا کا اہتمام جوش و خروش کے ساتھ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں دودھ کی پیداوار میں 20 فیصد تک اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر قدرتی کاشتکاری اور مویشی پروری کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔ ان تقاریب میں وزراء، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، بلدیاتی اداروں کے عہدیداران، پنچایت نمائندگان اور دیگر مقامی عوامی نمائندے شریک ہوں۔ مقامی سطح پر فعال ثقافتی تنظیموں کو شامل کرتے ہوئے ان پروگراموں کو ایک تہوار کی صورت میں منایا جائے۔ محکمہ مویشی پروری ان تمام تقاریب کے لیے نوڈل محکمہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کے روز وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ واقع سَمتو بھون سے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، تمام اضلاع کے کلکٹرز، پولیس سپرنٹنڈنٹس، بلدیاتی اداروں کے عہدیداران اور افسران کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے آئندہ تہواروں کے سلسلے میں خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ دیسی دیوالی مناتے ہوئے خود کفیل ہندوستان کے جذبے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے تہواروں میں دیسی اشیاء کی خرید و فروخت کو فروغ دیا جائے۔
’’آتم نربھر بھارت‘‘ (خود کفیل ہندوستان) اور ’’جی ایس ٹی اتسو‘‘ کے پروگرام 25 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ تمام اسمبلی حلقوں میں نگراں وزراء، عوامی نمائندے اور کلکٹرز باہمی تال میل سے تاریخیں طے کرتے ہوئے ’’آتم نربھر بھارت/جی ایس ٹی اُتسو‘‘ کے پروگرام منعقد کریں۔ ان تقاریب میں دیسی اشیاء کی نمائش اور خرید و فروخت کو بڑھاوا دیا جائے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہر ضلع میں سماجی ہم آہنگی کے پروگرام منعقد کیے جائیں۔ ان تقاریب میں سماجی طور پر متحرک نمائندوں کو مدعو کیا جائے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مثبت ماحول پیدا کرنے پر غور و خوض کیا جائے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہدایت دی کہ کلکٹرز حساس واقعات اور خبروں پر فوری طور پر نوٹس لیں۔ کلیکٹرز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی صورتِ حال کے بارے میں نگران وزیر، مقامی رکن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کو فوراً آگاہ کریں، اور ضرورت پڑنے پر وہ خود موقع پر جا کر معائنہ بھی کریں۔ ضلعی کلیکٹرز کو چاہیے کہ ایسی خبروں اور اطلاعات پر فوری حقائق کی جانچ (فیکٹ چیک) کریں اور ضرورت ہو تو وضاحتی بیان (تردید) بھی جاری کریں۔نگراں وزراء، متعلقہ محکموں کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی بھی گمراہ کن یا سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی خبروں کے سلسلے میں درست معلومات عوام کے سامنے رکھیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ پولیس کا عملہ لازمی طور پر گنجان آبادی والے علاقوں اور چوراہوں پر موجود رہے، پولیس گشت کرے اور اس کی موجودگی عوام کو دکھائی دے، تاکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو۔ارکان اسمبلی اور پارٹی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال، تنظیمی وزیر ہیتانند شرما اور رکن اسمبلی بھگوان داس سبنانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن