ایل اے بی اور کے ڈی اے کے نمائندے 22 اکتوبر کو دہلی میں وزارت داخلہ کی ذیلی کمیٹی سے مذاکرات کریں گے
جموں،19 اکتوبر(ہ س)۔
لداخ کے عوامی مطالبات پر پیش رفت کے امکانات بڑھ گئے ہیں، کیونکہ لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے نمائندے 22 اکتوبر کو دہلی میں وزارتِ داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے ساتھ اہم مذاکرات کریں گے۔ یہ مذاکرات لداخ کو ریاستی درجہ دینے اور آئینِ ہند کی چھٹے شیڈول کے تحت خصوصی تحفظات فراہم کرنے کے مطالبات کے حوالے سے فیصلہ کن تصور کیے جا رہے ہیں۔ لیہ ایپکس باڈی کے شریک چیئرمین چیئرنگ دورجے لکروک نے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہمیں وزارتِ داخلہ کی جانب سے اجلاس کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس میں ایل اے بی اور کے ڈی اے کے تین تین نمائندوں کے علاوہ لداخ کے رکن پارلیمان محمد حنیفہ جان بھی شریک ہوں گے۔ ہم حکومتِ ہند کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ مذاکرات کا نتیجہ لداخ کے عوام کے مفاد میں مثبت ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 24 ستمبر کو لیہہ میں ایل اے بی کی کال پر مکمل بند منایا گیا تھا جو پرتشدد رخ اختیار کر گیا۔ اس دوران مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں چار افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں پچاس سے زائد افراد کو حراست میں لیا۔ تحریک کے مرکزی رہنما اور معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو بھی قومی سلامتی قانون این ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، مرکزی حکومت نے 20 جولائی کو بھی مذاکرات کی پیشکش کی تھی، تاہم اُس وقت کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ایل اے بی اور کے ڈی اے پچھلے کئی مہینوں سے لداخ کو ریاستی درجہ دینے اور آئینی تحفظات فراہم کرنے کے مطالبے پر احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں، جس کے سبب یہ ملاقات خاص اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر