انوپ پور، 19 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش حکومت صحت کی خدمات کو مزید وسیع، مضبوط اور جدید بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ریاست کے تمام اسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات اتوار کے روز ضلع اسپتال انوپ پور میں منعقدہ ضلع صحت کمیٹی کے اجلاس میں نائب وزیراعلیٰ راجندر شکلا نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے ہر وارڈ، ایمرجنسی سروسز، زچگی کمرہ، او پی ڈی اور دیگر طبی یونٹ پوری قابلیت، شفافیت اور نظم و ضبط کے ساتھ چلائے جائیں۔
نائب وزیراعلیٰ نے صحت کے نظام کا جائزہ لیا اور چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر کے ساتھ سول سرجن کو بھی ہدایت دی کہ صحت خدمات کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کو کسی بھی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے ہر سطح پر چوکسی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا جائے۔ نائب وزیراعلیٰ نے ٹیلی میڈیسن سروس کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ بتایا گیا کہ ٹیلی میڈیسن سروس شروع کر دی گئی ہے اور اسے مزید وسعت دینے کی سمت میں کام جاری ہے۔ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے اب دیہی علاقوں تک بھی ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت آسانی سے دستیاب ہو سکے گی، جس سے مریضوں کو بروقت بہتر علاج فراہم کیا جا سکے گا۔
نائب وزیراعلیٰ نے جنرل سرجری، زچگی خدمات، ڈائلیسس، بلڈ بینک، کیموتھریپی یونٹ، ضروری ادویات کی دستیابی، او پی ڈی کے انتظام اور کینسر کے مریضوں کے علاج کی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر خدمت کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ معائنہ اور فیڈ بیک کا نظام اپنایا جائے۔انہوں نے اسپتال میں آوٹ سورس کے تحت عہدوں پر بھرتی کی صورتحال کی معلومات حاصل کیں اور ہدایت دی کہ تمام خالی عہدوں پر اہلیت کے مطابق جلد تقرریاں کی جائیں تاکہ صحت خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ نائب وزیراعلیٰ نے اسپتال کی صفائی، انتظامی نظام، لاش گاڑی، ایمبولینس، ایمرجنسی ڈاکٹروں اور عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی، بروقت علاج اور شفاف انتظام، یہ تینوں کسی بھی اسپتال کی ساکھ کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ حکومت کی اسکیموں کے مؤثر زمینی نفاذ سے ہی عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔مدھیہ پردیش کول ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین رام لال روتیل، کلکٹر ہرشل پنچولی، چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آر کے۔ ورما، سول سرجن کے ساتھ مقامی عوامی نمائندے اور محکمہ جاتی افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن