بھوپال، 17 اکتوبر (ہ س)۔ سنگاپور میں تین روزہ آئی ٹی بی ایشیا 2025 میں ہندوستان کے دل مدھیہ پردیش نے خوب رونق بکھیری۔ مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ نے سنگاپور کے مرینا بیسینڈز ایکسپو اور کنونشن سینٹر میں منعقد باوقار ٹریول ٹریڈ شو آئی ٹی بی ایشیا 2025 میں موثر حصہ داری درج کی۔
15 سے 17 اکتوبر تک منعقدہ پروگرام میں ریاست کے سیاحت پویلین کا افتتاح سنگاپور میں ہندوستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شلپک امبولے نے کیا۔ اس موقع پر ہندوستان کے ہائی کمیشن میں فرسٹ سکریٹری (تجارتی) ٹی پربھاکر بھی موجود تھے۔
آئی ٹی بی ایشیا میں شمولیت کا مقصد مدھیہ پردیش کو ایک زرخیز ثقافتی، قدرتی اور مہم جویانہ منزل کے طور پر عالمی سیاحتی نقشے پر قائم کرنا ہے۔ ریاست کی نمائندگی ایڈیشنل چیف سکریٹری (سیاحت، ثقافت، داخلہ اور مذہبی ٹرسٹ) اور ایم پی ٹورزم بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شیو شیکھر شکلا اور منیجر (ایونٹس اور مارکیٹنگ) سَوربھ پانڈے نے کی۔
شیو شیکھر شکلا نے کہا کہ آئی ٹی بی ایشیا عالمی اسٹیج پر مدھیہ پردیش کی سیاحتی صلاحیت اور تنوع کو پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد ریاست کو ایسا بین الاقوامی مقام بنانا ہے جہاں وراثت، جنگلی حیات، روحانیت اور پائیدار سیاحت مسافروں کو ناقابل فراموش تجربہ فراہم کریں۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری شکلا نے اس دوران کئی بین الاقوامی نمائندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کے جی مکیری، لیڈ کنسلٹنٹ، افریقہ ایم آئی سی ای کے ساتھ آئندہ ایم آئی سی ای سمٹ (9 تا 11 ستمبر 2026) کے سلسلے میں گفتگو کی، جس میں مدھیہ پردیش کو تنزانیہ، نائجیریا اور ساوتھ افریقہ جیسے ممالک میں پیش کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے مِچ گوہ، ڈائریکٹر آف پبلک پالیسی ایشیا پیسفک، ایئر بی این بی کے ساتھ ریاست میں پائیدار اور جامع سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں دیہی ہوم اسٹے منتظمین کو میزبانی کی تربیت دینے اور انہیں عالمی پلیٹ فارم سے جوڑنے کی پہل پر اتفاق ہوا۔
آئی ٹی بی ایشیا 2025 میں ایم آئی سی ای، کارپوریٹ اور ٹریول ٹیکنالوجی شعبوں کے نمایاں پیشہ وروں، بین الاقوامی نمائش کنندگان اور خریداروں نے شرکت کی۔ مدھیہ پردیش کے نمائندہ وفد نے متعدد بی ٹو بی ملاقاتوں کے ذریعے غیر ملکی ٹور آپریٹروں اور ٹریول کمپنیوں سے تعاون کے امکانات تلاش کیے۔ ان میٹنگوں میں جنگلی حیات کی پناہ گاہوں، ثقافتی ورثے، ایڈونچر ٹورازم اور فلم اور شادی کی سیاحت جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی، جس سے ریاست کی شناخت’’ہارٹ آف انکریڈیبل انڈیا‘‘ کے طور پر مزید مستحکم ہوئی۔
مدھیہ پردیش کے پویلین میں ریاست کے سیاحتی اثاثوں، یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات، مہم جوئی کی سرگرمیاں اور ذمہ دار سیاحتی اقدامات کی نمائش کی گئی۔ اسے ایک صاف، سرسبز اور محفوظ منزل کے طور پر پیش کیا گیا، خاص طور پر خواتین مسافروں کے لیے موافق ماحول کو اجاگر کیا گیا۔ آئی ٹی بی ایشیا میں مدھیہ پردیش کی یہ شمولیت ریاست کی عالمی نمایاں بڑھانے، تجارتی تعلقات مضبوط کرنے اور پائیدار و جامع سیاحت پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم مانی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن