کٹرا سے بانہال تک ٹرین کا ٹرائل کامیاب رہا
جموں، 9 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے کٹرا سے بانہال تک یو ایس بی آر ایل منصوبے کے تحت ریل کے راستے پر 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کامیاب ٹرائل مکمل کیا گیا، جسے ہندوستانی ریلوے کی تاریخ کا نیا باب قرار دیا جا رہا ہے۔ کمشنر ریلوے سیفٹی (سی آر ایس) دنیش چند دشوال نے بتایا کہ دو روزہ معائنے کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا جائے گا، جس کے بعد کشمیر کو باقی ملک سے جوڑنے والی ریل سروس کے آغاز پر فیصلہ کیا جائے گا۔
ٹرائل رن میں ٹرین نے کٹرا سے بانہال کا سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے کیا۔ سی آر ایس نے ریلوے کے انجینئرز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ٹریک کا بنیادی ڈھانچہ شاندار ہے۔ریلوے حکام کے مطابق، 272 کلومیٹر پر مشتمل ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک منصوبے کا 209 کلومیٹر حصہ مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ 1997 میں شروع ہوا تھا لیکن جغرافیائی اور موسمی چیلنجز کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر