جموں, 9 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر شیو سینا یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کو مسلسل دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نہ تو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی دیگر مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ساہنی نے کہا کہ یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت بھی اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کر رہی ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا جو وعدہ کیا گیا تھا، وہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہاں بی جے پی کی حکومت ہوتی تو شاید یہ معاملہ جلد حل ہو جاتا، لیکن جب عوام نے ایک منتخب حکومت بنائی، اس کے باوجود مرکزی حکومت کا مسلسل عدم تعاون افسوسناک ہے۔
ساہنی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو مشورہ دیا کہ وہ مرکز پر دباؤ ڈالیں تاکہ جموں و کشمیر کے حقوق، بالخصوص مکمل ریاست کا درجہ، جلد از جلد بحال ہو سکے۔ انہوں نے بی جے پی کے اراکین اسمبلی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے عوام سے کیے گئے وعدوں سے وہ مکر چکے ہیں اور جموں کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ساہنی نے جموں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو سبق سکھائیں تاکہ آئندہ انہیں ایسے دھوکوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر