ممبئی، 8 جنوری (ہ س) ممبئی میں ٹورس کمپنی کے بارے میں سامنے آنے
والی چونکا دینے والی معلومات کے مطابق اس کمپنی نے تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار سے
زیادہ سرمایہ کاروں کو تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے کا دھوکہ دیا ہے۔ تحقیقات سے
پتہ چلتا ہے کہ اس فراڈ کا حجم آٹھ سے دس ہزار کروڑ روپے تک جا سکتا ہے۔
منگل کے روز شیواجی پارک پولیس نے تین افراد کو
گرفتار کیا، جن میں جنرل منیجر، اسٹور مینیجر اور ایک ڈائریکٹر شامل ہیں، جو دھوکہ
دہی کے بعد فرار ہونے والے تھے۔ گرفتار ہونے
والوں میں ازبکستان کی رہائشی تانیہ کساتووا، ممبئی کا رہائشی ڈائریکٹر سرویش اشوک
سروے، اور روسی شہری اسٹور مینیجر ویلنٹینا گنیش کمار شامل ہیں۔ ان تینوں کو دادر
کے دفتر سے رقم اور زیورات لے کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔
تاہم، کمپنی کے بانی جان کارٹر اور وکٹوریہ
کووالینکو کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ یوکرین فرار ہو چکے ہیں اور ان
دونوں کو اس اسکینڈل کا ماسٹر مائنڈ مانا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ، کمپنی کے سی ای او توفیق ریاض اور سی
اے ابھیشیک گپتا بھارت میں ہیں اور ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
سرویش اشوک سروے، جو ممبئی کا رہائشی ہے، آدھار کارڈ آپریٹر کے طور پر کام کرتا
تھا اور ان کے نام، آدھار کارڈ اور ڈیجیٹل دستخط کا استعمال کمپنی کے ڈائریکٹر کے
طور پر کیا گیا۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ سرویش کو ماہانہ 22 ہزار روپے نقد
ادا کیے جاتے تھے۔ انہیں ڈونگری کے علاقے عمرکھڑی سے گرفتار کیا گیا۔
ٹورس جیولرز کمپنی نے سرمایہ کاروں کے لیے ایک
پرکشش واپسی کا منصوبہ شروع کیا تھا اور کمپنی نے دادر، گرگاؤں، کاندیولی، کلیان،
سانپڑا اور میرا روڈ میں شاخیں کھولی تھیں۔ ان شاخوں پر لاکھوں سرمایہ کاروں نے
پیسہ لگایا تھا۔ ابتدائی طور پر واپسی کا فیصد 4 فیصد تھا، جو بعد میں بڑھ کر 10
فیصد تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم، پچھلے دو ہفتوں سے ادائیگیوں میں ناکامی کے بعد یہ
گھوٹالہ منظر عام پر آیا۔
فنانشل کرائمز برانچ نے بھی منگل کے روز اس فراڈ
کیس کا جائزہ لیا ہے اور اقتصادی جرائم ونگ اس معاملے کی تحقیقات کرے گا۔ اب تک اس
اسکینڈل میں تین افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پیر کے روز سرمایہ کار ٹورس کی
دکانوں کے باہر جمع ہو کر اپنے غصے کا اظہار کر رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گھوٹالہ ہزاروں کروڑ
روپے کا ہے اور تقریباً تین لاکھ سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان