نئی دہلی، 7 جنوری (ہ س)۔ دہلی ریاستی بی جے پی کے صدر ویریندر سچدیوا نے منگل کو کہا کہ جس دن کا ہر دہلی والے انتظار کر رہے تھے، بالآخر الیکشن کمیشن نے آج اس تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو دہلی کے 1,55,24,958 ووٹر ایک نئی، بہتر اور خوبصورت دہلی بنانے کے وژن کو ووٹ دیں گے اور 8 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہلی میں کمل کا پھول کھلے گا اور دہلی میں ڈبل انجن کی حکومت بنے گی۔
آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں ویریندر سچدیوا نے کہا کہ جو لوگ جھوٹ کا غبارہ پھلارہے تھے اور انتخابی عہدیداروں کو دھمکیاں دے کر سیاسی دباو¿ بنا رہے تھے، اب ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی وجہ سے ان کے منہ پرتالہ لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی تاریخ کا خیر مقدم کرتی ہے اور بلاشبہ دہلی کے عوام بھی بدعنوان اور لوٹ مار کرنے والی آپ-دا حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
دہلی بی جے پی کے صدر نے کہا کہ اس پورے الیکشن کے لیے ہمارے پاس 13033 بوتھوں پر کارکن ہیں اور گھر -گھر جا کر لوگوں سے رابطہ کرنے، ووٹر لسٹ چیک کرنے اور دہلی کے لوگوں کوگزشتہ 10 برسوں میں کیجریوال حکومت کی ناکامی سے آگاہ کر رہے ہیں۔ دہلی کے لوگوں کی طرف سے جو آواز آ رہی ہے،وہ تبدیلی کی آواز ہے۔ وہ بی جے پی حکومت کے حق میں آواز ہے، اس لئے کہ اب آپ-دا دہلی سے جا رہی ہے اور بی جے پی آ رہی ہے۔ سچدیوا نے کہا کہ اس بار دہلی کے انتخابات ہفتے کے وسط میں بدھ کو ہیں اور دہلی کے لوگ اس دن کو ووٹنگ کے بہترین دن کے طور پر بدلیں گے اور تاریخی ووٹنگ کے ساتھ دہلی میں اقتدار کی تبدیلی ہوگی۔
پریس کانفرنس میں میڈیا ہیڈ پروین شنکر کپور بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کی دوپہر دہلی کو ایک نئی بہار دے گی، جب ووٹوں کی گنتی کے بعد بی جے پی کی حکومت بنے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد