مدھیہ پردیش میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ، راتیں ابھی بھی سرد، گوالیار-چمبل میں آج بوندا باندی کے آثار
۔ 24 جنوری سے ریاست میں سردی کا ایک اور دور شروع ہوگا
بھوپال، 22 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر موسم بدل گیا ہے۔ ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے دن کے وقت سردی کا اثر کم ہوگیا ہے۔ دن بھر تیز دھوپ رہتی ہے۔ کئی شہروں میں درجہ حرارت 25 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے لیکن بھوپال، منڈلا، پچمڑھی جیسے شہروں میں رات کے وقت سردی کا اثر ابھی بھی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کی پیشن گوئی کی ہے۔ بدھ کو گوالیار-چمبل میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں ریاست کے موسم میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ جن شہروں میں دن کے وقت پارہ 20 ڈگری سے نیچے تھا اور سرد لہر چل رہی تھی وہاں سردی کا کوئی اثر نہیں ہے۔ تیز دھوپ نکل رہی ہے۔ کئی شہروں میں رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ 24 جنوری سے سردی کا ایک اور دور آسکتا ہے۔ 24 جنوری سے شمال سے ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہو جائیں گی جس کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
اس سے پہلے آج بدھ کو گوالیار-چمبل میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی شمالی ہواوں کی آمد سے رات کے درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے۔ آج گوالیار، بھنڈ، دتیا اور مرینا میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ اس سے قبل صبح گوالیار، بھنڈ، مرینا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ اور چھترپور میں دھند چھائی رہے گی۔ وہیں 23 جنوری کو موسم صاف ہو جائے گا۔ دھند یا بارش کا کوئی الرٹ نہیں ہے۔
ریاست کے پانچ سب سے کم درجہ حرارت والے شہروں میں نرمداپورم ضلع کے پچمڑھی شہر میں سب سے سرد رات رہی۔ یہاں پارہ 6.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کلیان پور (شہڈول) میں 7.5 ڈگری، منڈلا میں 8.5 ڈگری، گرور (شاجاپور) میں 8.6 ڈگری اور راج گڑھ میں 9.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن