بھوپال، 22 جنوری (ہ س)۔
دارالحکومت بھوپال کے حلال پورہ بس اسٹینڈ کے قریب منگل کی دیر رات ایک آلٹو کار ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔ حادثے میں دو نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ رشتے میں دونوں ساڑھو تھے۔ متوفی اپنی حاملہ بیوی کو ڈیلیوری کے لیے اسپتال لے جا رہا تھا۔ حادثے کے ایک گھنٹے بعد بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ حادثے میں دو خواتین بھی زخمی ہوئی ہیں۔
معلومات کے مطابق کسان مہندر میواڑا (25) راتی بڑ کے موڈلا گاوں کا رہنے والا تھا۔ مہندر کی بیوی ببلی منگل کی دیر رات درد زہ میں مبتلا تھی۔ وہ اپنی حاملہ بیوی کو کرشنانی اسپتال لے جا رہا تھا۔ مہندر کی ماں اور پھوپھی کے ساتھ ساڑھو ستیش بھی کار میں سوار تھے۔ مہندر دردزہ کی تکلیف کی وجہ سے تیز گاڑی چلا رہا تھا۔ اس دوران کار بے قابو ہو کر لال گھاٹی کے قریب الٹ گئی۔ اس میں مہندر اور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھے ستیش میواڑا شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے سبھی کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے مہندر اور ستیش کو مردہ قرار دیا۔ ببلی، اس کی ساس بتاشی بائی اور پھوپھی منی بائی بھی حادثے میں زخمی ہوئی ہیں۔
مہندر کی موت کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد یعنی منگل کی دوپہر تقریباً 1.30 بجے اس کی بیوی ببلی نے ایک صحت مند بیٹی کو جنم دیا۔ ڈاکٹروں نے ماں اور بچے کو مکمل طور پر محفوظ قرار دیا ہے۔ وہیں اس حادثے میں مہندر کی ماں کے بازو، ٹانگوں اور کندھے میں فریکچر ہوا ہے، جن کا علاج حمیدیہ اسپتال میں جاری ہے۔ جبکہ پھوپھی منی بائی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ متوفی مہندر اپنے تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ مہندر کی شادی تین سال قبل ببلی سے ہوئی تھی۔ یہ ببلی کی پہلی ڈیلیوری تھی۔ لیکن لڑکی کا چہرہ دیکھنے سے پہلے ہی والد مہندر کی موت ہو گئی۔ وہیں ساڑھو ستیش بھی کھیتی باڑی کرتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن