نئی دہلی،21جنوری(ہ س)۔
یہ اعلان کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کو مسرت ہورہی ہے کہ اسکالرشپ اینڈ گرانٹس بیورو(ایس اے جی) اور آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن(اے آئی سی ٹی ای) کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آئیڈیا (آئیڈیا ڈولپمنٹ، ایوے لوایشن اینڈ اپلی کیشن) لیپ قائم کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔منظور شدہ آئیڈیا لیب کے لیے پچپن لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی ہے جس کا استعمال کیمپس میں جدید ترین آئیڈیا لیپ قائم کرنے میں کیا جائے گا۔اس لیب کے قیام میں مدد بہم پہچانے کے لیے یونیورسٹی کو پہلے ہی دو انڈسٹریوں سے اٹھارہ لاکھ کی رقم موصول ہوچکی ہے۔ جامعہ میں آئیڈیا لیب ایک مشترکہ سہولت کے طورپر کام کرے گی جو طلبہ کو مصروف کار رکھنے، کھوج کرنے،تجربہ کرنے،اظہار اور بہتر سے بہتر کرنے میں انھیں مدد پہنچائے گی۔ اس کا قیام،قومی تعلیمی پالیسی دوہزاربیس کے اجرا کے ساتھ ہی عزت مآب وزیر اعظم کی امنگوں اور خواہشوں کے عین مطابق ہے۔
آئیڈیا لیب طلبہ کو ہروقت دستیاب رہے گا اور اس کا مقصد اکیسویں صدی کی بنیادی مہارتوں جیسے تنقیدی فکر، مسائل کو حل کرنے کا مزاج،خاکہ اور ڈیزائن کے متعلق غورو فکر،اشتراک، بات چیت اور عمر بھر کام آنے والی نصیحتوں کی بنیادی تربیت کی فراہمی کے ساتھ طلبہ کے تخیل اور ان کی تخلیقیت کو جلا بخشنا ہے۔ایک ہی جگہ اور پلیٹ فارم پر خیال اور تصور کو پروٹوٹائپ میں تبدیل کرنے کے لیے جملہ سہولیات مہیا کرنا بھی اس آئیڈیا لیب کا ایک مقصد ہے۔طلبہ اور فیکلٹی اراکین کی ہمت افزائی و حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ تخلیقی کام کا منصوبہ بنائیں اور اس مرحلے میں تنقیدی فکر، مسئلے کو حل کرنے اور اشتراک وغیرہ کے سلسلے میں تربیت حاصل کرسکیں جنھیں روایاتی لیب فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
اس لیب کی آمد سے متعلقین کے درمیان یونیورسٹی کا اور بھی نام ہوگا اور اس سے طلبہ کے کیریئر کے مواقع بڑھیں گے۔اس سے یونیورسٹی آئیڈیا لیب نیٹ ورک کا حصہ ہوگی اور دوسرے اداروں سے سیکھنے اور ان کے ساتھ اشتراک کے متعلق جانے گی۔پروفیسر منی تھامس،ڈین،فیکلٹی آف انجینرئنگ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی زیر نگرانی آئیڈیا لیب کے قیام کی تجویز ستمبر دوہزار چوبیس میں جمع کی گئی تھی اور مورخہ انیس ستمبر دوہزار چوبیس کو اے آئی سی ٹی ای کے ماہرین کے ساتھ آن لائن میٹنگ اور بات چیت ہوئی تھی۔اے آئی سی ٹی ای نے طلبہ کو سائنس، ٹکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی مبادیات(ایس ٹی ای ایم) کے اطلاق اور ان میں حوصلہ اورہمت بڑھانے کے لیے یہ اسکیم شروع کی ہے تاکہ کرکے سیکھنے اور تجربہ سے سیکھنے کے بہتر کیا جاسکے۔
پروفیسرمینی ایس تھامس،ڈین فیکلٹی آف انجینرنگ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کی صلاحیتوں کے اعتراف کے سلسلے میں ایس اے جی، اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے مالی تعاون کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ مینٹرنگ،نیٹ ورکنگ اور نگاہ رکھنے جیسے فوائد یونیورسٹی کو حاصل ہوں گے۔اسے یہ بھی مراعات حاصل ہوں گی کہ وہ انڈین سائنس ٹکنالوجی اینڈ انجینئرنگ فیسیلٹی میپ(آئی۔ایس ٹی ای ایم) پر رجسٹریشن کرالے۔اس سے دوسرے ادارے بھی اپنی سہولیات ساجھا کرسکیں گے اور پورٹل [http://www.istem.gov.in] پر رجسٹرڈ اداروں سے باہمی لین دین کا دروازہ بھی کھل جائے گا۔نیز جامعہ کو کومسول، مطلب اور لیب ویو وغیرہ جیسے سافٹ ویئر تک رسائی بھی مل جائے گی۔اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے جو رہنما خطوط دیے گئے ہیں ان میں باقاعدگی سے ایف ڈی پی، اسکلنگ پروگرام، بوٹ کیمپس،آئیڈیشن ورکشاپ، ایورنیس ورکشاپ فار انڈسٹری،انٹرنشپ، پروفیشنل اسکلنگ پروگرام، اسکول ٹیچر ایورنیس پروگرام، اسکول طلبہ کے پروجیکٹ اور اسکول طلبہ کے لیے اوپن ڈے جیسے امور شامل ہیں۔تعلیم میں انقلاب آفریں تبدیلی کے مقصد کے ساتھ یونیورسٹی میں آئیڈیا لیب کا قیام ایک طویل مدتی تدبیر ثابت ہوگی۔ یہ آئیڈیا لیب قوم کے وسیع تر اہداف،مشن،اقدامات اور سماج کے پس ماندہ اور حاشیے کے لوگوں کے لیے صنعتی تقاضوں اور مطالبات کے ساتھ یونیورسٹی کی سرگرمیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوگی۔پروفیسر ایس۔ایم۔مذکر کوآرڈی نیٹر اے آئی سی ٹی ای۔آئیڈیا لیب نے کہا کہ’شیخ الجامعہ عزت مآب پروفیسر مظہر آصف کی مثالی قیادت کے ہم دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔کیمپس میں اختراعیت اور افضلیت کی فضا کو فروغ دینے کے تئیں ان کا وقف ہونا جامعہ کو آگے لے جانے میں اہم محرک ثابت ہورہاہے۔آئیڈیا لیب کے قیام کی منظوری کیمپس میں اختراعیت اورتحقیق کو فروغ دینے کی ان کی انتھک کوششوں کا پختہ ثبو ت ہے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ پروفیسر مظہر آصف کا یونیورسٹی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد واقعی محرک ہے اور ہم پر اعتماد ہیں کہ ان کی قیادت و سربراہی میں یونیورسٹی نئی تاریخ رقم کرے گی اور طلبہ کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر برادری کی زندگی میں گہرے اور بامعنی اثرات مرتب کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais