بلیا، 2 جنوری (ہ س)۔ بلیا کے نرہی تھانہ علاقہ کے کوٹوا نارائن پور گاو¿ں میں معمولی جھگڑے کی وجہ سے نئے سال کی پہلی شام ماتم میں بدل گئی۔ واقعہ کے مرکزی ملزم کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ غنڈہ قسم کا ہے۔ اس کے ساتھیوں پر بھی غنڈہ گردی کا الزام ہے، جن کی گرفتاری کے لیے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے سی او صدر کی سربراہی میں تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پولیس کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 9 بجے دو نوجوان پرشانت اور گولو کوٹوا بازار میں واقع بیئر شاپ پر پہنچے تھے۔ تب شیوم رائے اور کچھ دوسرے نوجوان بھی پہنچ گئے۔ بیئر شاپ پر کسی بات پر دونوں گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ نے بتایا کہ پرشانت گپتا اور گولو ورما پر کلہاڑی سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد گھر والے دونوں کو بہار کے بکسر کے اسپتال لے گئے۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد اہل خانہ دونوں لاشوں کو لے کر کوٹوا پہنچے اور لاشیں رکھ کر سڑک بلاک کردی۔ اے ڈی ایم اور اے ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔سمجھانے- بجھانے کے بعد جام ہٹوایا۔
ایس پی نے کہا کہ گھر والوں کی درخواست پر کوٹوا نارائن پور کے رہنے والے شیوم رائے اور کچھ دیگر نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قاتل فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے سی او صدر کی سربراہی میں ایس او جی، سرویلانس اور تھانہ نرہی کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے رات کو ہی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر بھیج دی گئیں۔ واقعے کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد