ممبئی ،
15 جنوری (ہ س)۔وزیر
اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں ایک اہم تقریب کے دوران
تین جدید اسٹیلتھ جنگی جہازوں - آئی این ایس سورت، آئی این ایس نیلگری اور آئی این
ایس واگشیر کو قوم کے نام وقف کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان دنیا
میں ایک بڑی سمندری طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اور جہاز سازی کی صنعت کو مزید
وسعت دینے سے خودکفیل بھارت مہم میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی
این ایس وگشیر (ایک 'شکاری' آبدوز)، آئی این ایس سورت (ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر)
اور آئی این ایس نیلگری (ایک اسٹیلتھ فریگیٹ) کی ہندوستانی بحریہ میں شمولیت سے
ملک کی سمندری طاقت میں مزید اضافہ ہوا ہے، جو چین اور پاکستان جیسے دشمنوں کے لیے
ایک بڑی رکاوٹ بنے گی۔
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ چھترپتی شیواجی
مہاراج نے ہندوستانی بحریہ کو نئی طاقت اور وژن دیا تھا اور آج ان کی تعلیمات پر
عمل کرتے ہوئے ہم اپنی 21ویں صدی کی بحریہ کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھا
رہے ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ ایک ڈسٹرائر، ایک فریگیٹ اور ایک آبدوز کو ایک ساتھ
ہندوستانی بحریہ میں شامل کیا جا رہا ہے، اور یہ فخر کی بات ہے کہ تینوں جہاز
میڈ ان انڈیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان عالمی سطح پر، خاص طور
پر گلوبل ساؤتھ میں، ایک قابل اعتماد اور ذمہ دار شراکت دار کے طور پر پہچانا جاتا
ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ ایک کھلے، محفوظ، جامع اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کی
حمایت کی ہے اور توسیع پسندی کے بجائے ترقی کے جذبے سے کام کیا ہے۔
آئی این ایس واگشیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر
اعظم نے کہا کہ اسے 'شکاری قاتل' آبدوز بھی کہا جاتا ہے۔ یہ آبدوز ٹارپیڈو اور
اینٹی شپ میزائلوں سے لیس ہے اور اس میں انٹیلی جنس جمع کرنے اور بارودی سرنگیں
بچھانے کی صلاحیتیں بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ سطح مخالف اور اینٹی سب میرین
جنگی فرائض بھی انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے
ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سمندری طاقت پر زور دیا اور یہ بھی کہا کہ ملک کی بحریہ
دنیا میں ایک اہم اور طاقتور قوت بن کر ابھرے گی۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان