کولکاتا، 15 جنوری (ہ س)۔ ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری! وندے بھارت ایکسپریس، جو اب تک ہاوڑہ اسٹیشن سے چل رہی ہے، جلد ہی سیالدہ اسٹیشن سے بھی شروع ہوسکتی ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق اس روٹ پر وندے بھارت ٹرین چلانے کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اسے اگلے تین ماہ میں شروع کیا جا سکتا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کولکاتا ٹرمینل کے قریب کاشی پور میں ایک جدید کوچنگ ڈپو بنایا جائے گا جس پر تقریباً 250 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے ٹریک کا کام بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔ ایسٹرن ریلوے کے جنرل مینیجر سمیت سینئر حکام پہلے ہی علاقے کا معائنہ کر چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت ہند نے پورے ملک میں وندے بھارت ایکسپریس چلانے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں مغربی بنگال بھی شامل ہے۔ ریاست میں پہلی وندے بھارت ٹرین ہاوڑہ سے نیو جلپائی گوڑی روٹ پر چلائی گئی۔ اس وقت یہ ٹرین بنگال میں نو روٹس پر چل رہی ہے جن میں ہاوڑہ-نیو جلپائی گوڑی، ہاوڑہ-پوری، نیو جلپائی گوڑی-گوہاٹی، ہاوڑہ-پٹنہ، نیو جلپائی گوڑی-پٹنہ، ہاوڑہ-رانچی، ہاوڑہ-بھگلپور، ہاوڑہ-گیا اور ہاوڑہ - راورکیلا شامل ہے۔
ریلوے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام مکمل ہوتے ہی سیالدہ سے وندے بھارت ایکسپریس سروس شروع کی جائے گی، جس سے مسافروں کو تیز رفتار اور آرام دہ سفر کا فائدہ ملے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی