چھندواڑہ، 15 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ ضلع کے گاوں کھوناجھر خورد میں کنواں دھنسنے سے ملبے میں دبے تین مزدوروں کی جان نہیں بچائی جا سکی۔ تقریباً 22 گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد بدھ کی دوپہر این ڈی آر ایف کی ٹیم نے کنویں سے ان کی لاشیں نکالیں۔ مرنے والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ان کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
چھندواڑہ کے گاوں کھوناجھرخورد کے رہنے والے ایشراو وسترانے کے کھیت میں ایک پرانے کنویں کو گہرا کرنے کے دوران منگل کی شام تقریباً چار بجے مٹی دھنس گئی، جس میں چھ مزدور پھنس گئے۔ تین مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم تین دیگر ملبے میں دبے رہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہوم گارڈز کی مدد سے راحت اور بچاو کام شروع کیا جو رات بھر جاری رہا۔ رات تقریباً 10 بجے بھوپال سے این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ رات بھر ریسکیو جاری رہنے کے باوجود کنویں میں پھنسے تینوں مزدوروں کو بچایا نہیں جا سکا۔
چھندواڑہ کلکٹر شیلیندر سنگھ نے کہا کہ انتظامیہ نے مزدوروں کو نکالنے کی تمام کوششیں کیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ملبے تلے دبے مزدوروں کو کھدائی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان کے سانس لینے میں مدد کے لیے جالی لگائی گئی تھی۔ آکسیجن بھی دی جا رہی تھی۔ تقریباً 22 گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو کے بعد این ڈی آر ایف کی ٹیم نے بدھ کو تینوں مزدوروں کو جانچ کے بعد مردہ قرار دے دیا۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں واسد (18) ولد کلو خان ساکن سلطان پور ضلع رائسین، راشد (18) ولد ننھے خان اور شہزادی (50) بیوی ننھے خان ساکن تلسی پار بدھنی ضلع سیہور شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت مرنے والوں کے لواحقین کو قواعد کے مطابق چار چار لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مشکل کی اس گھڑی میں آنجہانی کے روحوں کی تسکین اور ان کے اہل خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دینے کی پرارتھنا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن