مہا کمبھ 2025 میں فضائی نگرانی نے سیکورٹی کو ایک نئی جہت دی
کمبھ نگری، 15 جنوری (ہ س)۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اتر پردیش پولیس دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع کے دوران لاکھوں عقیدت مندوں کی حفاظت اور ہموار نقل و حرکت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پولیس نے 9 ڈرونز کو بے اثر کر دیا جو زبردستی ممنوعہ میلے والے علاقے میں داخل ہو رہے تھے۔ یہ جانکاری سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہاکمبھ راجیش دویدی نے بدھ کو دی۔
انہوں نے کہا کہ میلے کے وسیع علاقے میں فضائی نگرانی اور کراوڈ مینجمنٹ کو مضبوط بنانے کے لیے 11 ٹیتھرڈ ڈرون اور اینٹی ڈرون سسٹم تعینات کیے گئے ہیں۔
ٹیتھرڈ ڈرون، جو کیبلز کے توسط سے گراونڈ اسٹیشن سے جڑے ہوتے ہیں، بلاتعطل بجلی کی فراہمی حاصل کرتے ہیں، جس سے وہ 12 گھنٹے تک مسلسل نگرانی کر سکتے ہیں۔ یہ ڈرونز 120 میٹر کی بلندی تک پرواز کر سکتے ہیں اور 3 کلومیٹر کے دائرے کو کور کر سکتے ہیں۔ جدید ترین تھرمل اور آئی آر کیمروں سے لیس یہ ڈرون دن اور رات دونوں میں 4 کے لائیو فوٹیج کے ساتھ حیرت انگیز زوم صلاحیت (36x آپٹیکل اور 8x ڈیجیٹل) پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یوپی پولیس کے سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کی طرف سے 4 ٹیتھرڈ ڈرون تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کے لیے 4 ڈرونز تعینات کیے گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کے دستے جدید خطرات کا پتہ لگانے کے لیے 3 ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔
اتر پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار نے کہا کہ ٹیتھرڈ ڈرون نے یوپی پولیس کے لیے سیکورٹی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ اپنی جدید نگرانی، ہجوم کے انتظام اور خطرے کو بے اثر کرنے کی صلاحیتوں کے ساتھ ان ڈرونز اور اینٹی ڈرون سسٹم نے مہاکمبھ 2025 میں سیکورٹی کی نئی تعریف کی ہے۔ جہاں لاکھوں عقیدت مند روحانی سکون کی تلاش میں مہا کمبھ میں جمع ہو رہے ہیں، وہیں اتر پردیش پولیس جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کے سفر کو محفوظ، ہموار اور یادگار بنا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن