علی گڑھ, 7 ستمبر (ہ س) شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر ضیاء الرحمٰن صدیقی کو ان کی تصنیف'تحریک آزادی اور اردو نثر پر مدھیہ پردیش اردو اکادمی،سنسکرتی پریشد، محکمہ ثقافت، حکومت مدھیہ پردیش بھوپال کی جانب سے 'حکیم قمر الحسن ایوارڈ'،۵۱؍ہزار روپے کا چیک، توصیفی سند اور اعزازی مومینٹو وزیر ثقافت و سیاحت دھرمیندر سنگھ لودھی،شیو شیکھر شکلا پرنسپل سیکریٹری محکمہ ثقافت، اینرپی نامدیو ڈائریکٹرسنسکرتی اور مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی ڈائریکٹر،محترمہ ڈاکٹر نصرت مہدی کے ہاتھوں دیا گیا ۔بھوپا ل میں منعقد ہوئی اس تقریب میں ملک کے مایہ ناز ادیب، نقاد اور صحافی بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔ موصوف کی تحقیقی کاوشوں اور علمی فتوحات پر مباحث ہوئے، جہاں ان کی تصنیف'تحریک آزادی اور اردو نثرکو اردو ادب میں ایک سنگ میل قرار دیا گیا۔
پروفیسر ضیاء الرحمٰن صدیقی اردو نثر کے میدان میں ایک معتبر نام ہے۔ ان کی اب تک دو درجن کتابیں منظر عام پر آ چکی ہیں جن میں اُردو ادب کی تار یخ ،،تحریک آزادی اور اردو نثر،اسالیب فکر، معروضات ،شہیدان جنگ آزادی،،جوش کی تیرہ نظمیں،'تحریک آزادی اور اردو صحا فت،اقبال سہیل کا فن، فاصلاتی نظام تعلیم،'آسان اردو گرامر،جدید اردو ریڈر،اردو ہندیڈکشنری،بنگالی کہانیاں ( ترجمہ )، دون کا سبزہ (رسکن بونڈ کی انگریزی کہانیوں کا اردو ترجمہ)،ہیونگ سانگ کا سفر ہندوستان ، (ترجمہ )،جنم دن (ترجمہ)،شہباز امروہوی۔ فن اور شخصیت، علاوہ ازیں قومی و بین الاقوامی سطح کے رسائل و جرائد میں مختلف موضوعات پر تحقیقی و تنقیدی مضامین بھی شائع ہوچکے ہیں ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی، پروفیسر سید سراج اجملی اور شعبہ کے دیگر اساتذہ نے بھی پروفیسر ضیاء الرحمٰن صدیقی کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے ۔ یہ جانکاری پروفیسر ضیاء الرحمٰن صدیقی نےدیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ