اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کا درجہ بحال کریں گے:امت شاہ
اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کا درجہ بحال کریں گے:امت شاہ جموں، 7 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما امت شاہ نے ہفتے کو کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے دعوؤں پ
Amit Shah


اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کا درجہ بحال کریں گے:امت شاہ

جموں، 7 ستمبر (ہ س)۔

مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما امت شاہ نے ہفتے کو کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کریں گے۔ امت شاہ نے جموں میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں وعدہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے جے کے این سی کے منشور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں پاکستان سے بات چیت کی حمایت کی گئی ہے، لیکن جب تک جموں و کشمیر میں مکمل امن قائم نہیں ہو جاتا، پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

امت شاہ نے گجر، بکروال اور دلت کمیونٹی کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے دیے گئے ریزرویشن کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی طاقت اس ریزرویشن کو ختم نہیں کر سکتی۔ شاہ نے این سی-کانگریس کے جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ واپس دینے کے دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید راہل بابا اور عمر میرے 5 اگست 2019 کے خطاب سے ناواقف ہیں، جہاں میں نے واضح کیا تھا کہ ریاست کا درجہ انتخابات کے بعد مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں حیران ہوں کہ وہ ریاست کا درجہ کیسے بحال کریں گے؟ کیا وہ اس کی وضاحت کر سکتے ہیں؟

جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہی دے سکتی ہے۔امت شاہ نے بی جے پی کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ صبح جلدی اٹھ کر اپنے خاندانوں کو ساتھ لائیں اور ووٹنگ 11:30 بجے تک مکمل کریں۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ عبداللہ، مفتی اور گاندھی خاندانوں کے خلاف ووٹ دینے کا عہد کریں۔ اس دوران انہوں نے نعرہ لگایا کہ جہاں ہوئے بلیدان مکھرجی، وہ کشمیر ہمارا ہے۔پی ڈی پی پر تنقید کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پار تجارت سے حاصل ہونے والا منافع دہشت گردوں کے سرپرستوں کی جیب میں جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande