بیجنگ، 04 ستمبر ( ہ س)۔ چین کے تھنک ٹینک نے فلپائن پر فضائی اشتعال انگیزی کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے بیجنگ میں قائم تھنک ٹینک ساوتھ چائنا سی اسٹریٹیجک سیچویشن پروبنگ انیشیٹو (ایس سی ایس پی آئی) کے حوالے سے کہا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں بحری جہازوں کے ٹکرانے سے بھی غیر یقینی صورتحال اور حادثے کا خطرہ زیادہ سنگین ہے۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ فلپائنی افواج کا انخلا اور اشتعال انگیزی کا خاتمہ ہی صورت حال کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق، ایس سی ایس پی آئی نے پیر کو صورتحال کا تجزیہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 28 اگست کو، فلپائن نے ایک ایچ-145 ہیلی کاپٹر روانہ کیا اور فلپائنی کوسٹ گارڈ کے جہاز ایم آر آر وی -9701 کو سپلائی کی ایئر ڈراپنگ کی۔ کوسٹ گارڈ کا یہ جہاز چین کے جیان بن جیاو¿ کے جھیل میں غیر قانونی طور پر لنگر انداز ہے۔ چائنا کوسٹ گارڈ کے مطابق پوری صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ریسرچ فیلو ژو چن نے کہا کہ چین اس وقت فلپائن کے ہوائی جہاز کو روکنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے اس کے لیے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ تھنک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلپائن نے اپنی فضائی دراندازی جاری رکھی تو چین سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ ہوائی تصادم کی صورت میں اس کے نتائج جہاز کے تصادم سے کہیں زیادہ سنگین ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد