ڈھاکہ، 04 ستمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ حاجی محمد سلیم کو آج صبح ڈھاکہ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایم ڈی اختر الزمان کی عدالت نے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ پولیس نے انہیں آئیڈیل کالج کے طالب علم خالد حسن سیف اللہ کے قتل کے الزام میں پیر کی علی الصبح دارالحکومت کے علاقے بنگشال سے گرفتار کیا تھا۔
اس کے بعد پولیس نے انہیں ڈھاکہ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایم ڈی اختر الزماں کی عدالت میں پیش کیا اور 10 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے انہیں پانچ دن کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون نے رپورٹ کے مطابق پولیس ریمانڈ کے دوران حاجی بیمار ہو گئے۔ انہیں منگل کی رات دیر گئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کے بعد انہیں آج علی الصبح عدالت لے جایا گیا۔ عدالت نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ اس کے بعد حاجی کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال میں ٹیسٹ کروانے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا ہے کہ حاجی سلیم نے دوران تفتیش اہم معلومات فراہم کیں۔ ان کی بگڑتی ہوئی صحت کی وجہ سے پوچھ گچھ جاری رکھنا مشکل ہو گیا۔ افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ حاجی سلیم کو جیل میں رکھا جائے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاجی کو عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ آئیڈیل کالج کے سال اول کے طالب علم خالد حسن سیف اللہ کو 18 جولائی کو امتیازی سلوک کے خلاف طلبا کے احتجاج کے دوران لال باغ میں گولی مار دی گئی تھی۔ اس کے والد قمر الحسن نے 19 اگست کو لال باغ پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اور حاجی محمد سلیم سمیت 52 افراد کو ملزم بنایا گیا تھا۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی خبر کے مطابق، قبل ازیں 2008 میں، حاجی سلیم کو اینٹی کرپشن کمیشن کے ایک مقدمے میں 13 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ 2022 میں ہائی کورٹ نے سزا کو کم کر کے 10 سال کر دیا۔ حاجی سلیم پہلی بار 1996 میں عوامی لیگ کی طرف سے ڈھاکہ 8 کے حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے رکن اسمبلی بنے تھے۔ وہ 2001 کے عام انتخابات میں بی این پی کے رہنما نصیر الدین احمد پنٹو سے ہار گئے۔
2014 کے عام انتخابات میں انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر ڈھاکہ 7 کے حلقے سے کامیابی حاصل کی۔ 2018 میں وہ اسی حلقے سے عوامی لیگ کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ حاجی سلیم نے رواں سال جنوری میں ہونے والے 12ویں پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ ان کے بیٹے محمد سلیمان سلیم کو عوامی لیگ نے ڈھاکہ 7 کی نشست سے نامزد کیا اور انہوں نے کامیابی حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد