نئی دہلی 9دسمبر (ہ س)۔
قرآن مجید اوررسول اکرم کی تعلیمات وسیرت نے سکھایا ہے کہ سب سے اچھا اور بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے۔ غریبوں ، مسکینوں اور عام لوگوں کے دلوں میں خوشیاں بھرے، ان کی زندگی کے لمحات کو رنج وغم سے پاک کرنے کو کوشش کرے، ان کے درد والم اورحزن وملال کو ہلکا کرے۔ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا ہے ”بہترین انسان وہ ہے جو دوسرے انسانوں کے لیے نافع ومفید ہو“۔مذکورہ خیالات امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی سلیم اللہ خان نے بوانہ جے جے کالونی میں آتشزدگی سے متاثرین کے درمیان ریلیف تقسیم کرتے ہوئے ادا کئے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اللہ تعالی نے خیر امت بنایا ہے۔اور ہر زمانے میں مسلمانوں نے خیر کے کاموں کو انجام دیا ہے اور انجام دیتے رہیں گے۔جماعت اسلامی ہند گزشتہ نصف صدی سے ہندوستان میں خدمت خلق کے کاموں کو بلا تفریق مذہب و ملت انجام دے رہی ہے۔خدمت انسان کا ایک فری جذبہ ہے ،ہر دور میں اللہ تعالی نے پیغمبروں اور آسمانی کتابوں نے خدمت خلق کی تعلیم دی ہے۔قرآن مجید اور رسول اللہ نے اس کی توجہ دلائی ،اس کی سخت تاکید کی،ہم دردی کے جذبات ابھارے اور اسے خدا کی رضا اور خوش نودی کا بہت بڑا ذریعہ قرار دیا۔حقیقت یہ ہے کہ اسلام کے نزدیک خدمت خلق عبادت ہے۔
آج یہاں تقریبا 207 متاثرین میں ضروریات زندگی کے سامان تقسیم کئے گئے ہیں۔جس میں ڈبل بیڈ کمبل ،گیس اسٹوشامل ہے۔اس موقع پر جئے کمار ایم ایل اے بوانہ نے جماعت اسلامی کے کاموں کو دیکھتے ہوئے کافی متاثر ہوئے اور انہوں نے جماعت کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”میں جماعت اسلامی کے ہر اچھے اور نیک کاموں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہوں “انہوں نے کہا کہ جب بھی جماعت کو ضرورت ہو وہ حاضر ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ اٹھارہ اور انیس نومبر کی شب میں آگ لگی تھی جس میں تمام جھگی بستی جل گئی تھے۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے متاثرین کی مسلسل خدمت کی گئی۔ ا ب متاثرین کے ہر فیملی کوزندگی دوبارہ شروع کرنے کے لیے ضروری اشیائ فراہم کی گئیں ہیں۔اس موقع پر ریلیف کے ڈائریکٹر عبدالوحید،رئیس احمد مقامی کارکن،عمردراز امیر مقامی وکاس نگر یونٹ،اعجاز احمد منگلولپوری یونٹ ،سلیم الدین ،جئے کمار ایم ایل اے بوانہ ،منت اللہ عالم،ادشاہ شیخ مقامی سماجی خدمتگار موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais