کوڈرما، 30 دسمبر (ہ س)۔ گاڑی کا لون معاف کروانے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا اور اسے سڑک کے حادثے کی شکل دے دی۔ پولیس نے اس معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں کرشنا یادو، محمد منہاج انصاری اور محمد سرفراز انصاری کو گرفتار کر کے ایک بلینو کار، ایک ٹی وی ایس موٹر سائیکل اور تین موبائل ضبط کر لیے ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کوڈرما اندیپ سنگھ نے پیر کی شام ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کوڈرما پولیس اسٹیشن میں 5 دسمبر کو سڑک حادثہ میں ایک خاتون کی موت کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران خاتون کے قتل کا معاملہ سامنے آیا۔ اس کے بعد سب ڈویژنل پولیس آفیسر اور کوڈرما تھانہ انچارج کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
جب ٹیم نے خاتون کے شوہر کرشنا یادو سے پوچھ گچھ کی تو یہ بات سامنے آئی کہ متوفی اور اس کے شوہر کے درمیان شادی کے بعد سے ہی جھگڑا چل رہا تھا۔ کرشنا یادو نے اپنی بیوی کے نام پر فور وہیلر، ٹو وہیلر اور ایک گروپ لون لیا تھا۔ وہ اس کی قسط ادا کرنے کے قابل نہیں تھا۔ اس پر کرشنا یادو کے دوستوں نے مشورہ دیا کہ اگر اس کی بیوی مر جاتی ہے تو سارے قرضے معاف کر دیے جائیں گے۔ اس کے بعد کرشنا یادو نے اپنے چار دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور ثبوت چھپانے کی نیت سے اسے سڑک حادثہ کا روپ دے دیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد