واشنگٹن،09نومبر(ہ س)۔
پینٹاگون نے کہا کہ امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے جمعہ کو اپنے نئے اسرائیلی ہم منصب اسرائیل کاٹز سے پہلی فون کال میں لبنان اور غزہ پر تبادلہ خیال کیا۔غزہ جنگ کے دوران اعتماد کے فقدان پر وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے یوآو گیلنٹ کو برطرف کر دیا تھا جس کے بعد کاٹز نے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے سامنے نئے وزیرِ دفاع کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے ایک بیان میں کہا کہ آسٹن نے آج اسرائیل کے نئے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کو ایک تعارفی فون کال کے دوران ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی۔انہوں نے کاٹز کو بتایا کہ واشنگٹن ایک معاہدے کے لیے پرعزم ہے جس کے تحت ایک سال سے زیادہ عرصے سے جاری سرحد پار تشدد کے باعث بے گھر ہونے والے لبنانی اور اسرائیلی شہریوں کی ان کے گھروں کو واپسی کے ساتھ ساتھ حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلیوں کی واپسی کو ممکن بنائے گا۔لائیڈ آسٹن اور سکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اس ماہ کے شروع میں ایک خط میں اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ جنگ زدہ ساحلی انکلیو میں مزید امداد کی اجازت دے۔ اسی حوالے سے امریکی دفاعی سربراہ نے غزہ میں سنگین انسانی حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan