کولمبو،29نومبر(ہ س)۔
سہولت مائیکروفنانس سوسائٹی، جو ہندوستان میں بلاسودی مائیکروفنانس کو فروغ دینے والی ایک اہم تنظیم ہے، کو اسلامی فنانس فورم برائے جنوبی ایشیاکی جانب سے بیسٹ اسلامک مائیکروفنانس اینٹیٹی آف دی ایئر 2023-24 کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز 25 اور 26 نومبر 2024 کو کولمبو میں منعقدہ نویں کانفرنس اور ایوارڈ تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔یہ ایوارڈ سہولت کو ہندوستان میں بلاسودی کریڈٹ کوآپریٹیوز کے قیام میں سہولت کاری اور اس شعبے کے فروغ کے لیے کی گئی ان کی غیرمعمولی کوششوں پر دیا گیا ہے۔ سہولت مائیکروفنانس سوسائٹی نے بلاسودی مالیاتی خدمات کے لیے ایک سازگار فریم ورک تیار کرنے کے لیے تحقیق، صلاحیت سازی، اور پالیسی سازوں کے ساتھ مشاورت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔فی الحال، سہولت کے زیر سایہ 63 کوآپریٹیوز 13 ریاستوں میں کام کر رہے ہیں۔ 117 فعال شاخوں کے ذریعے یہ کوآپریٹیوز 3,50,000 کم آمدنی والے خاندانوں کو تھرفٹ، قرض فراہم کر رہے ہیں، جو ذاتی ضروریات اور روزگار کے لیے مالی مدد فراہم کرتے ہیں۔
دو روزہ ایونٹ میں ہندوستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، مالدیپ، ملیشیا، اور جنوبی افریقہ کے اداروں اور ماہرین نے شرکت کی۔ پہلے دن ایک کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں جنوبی ایشیا میں اسلامی بینکاری اور مالیات کے شعبے کی ترقی اور پائیداری پر خیالات اور حکمت عملیاں شیئر کی گئیں۔ایوارڈ وصول کرتے ہوئے، سہولت مائیکروفنانس سوسائٹی کے سی ای او اسامہ خان نے ٹیم اور ججوں کے پینل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس صنعت میں سہولت کی خدمات کو تسلیم کیا انہوں نے کہا کہ۔
یہ ایوارڈ کم آمدنی والے طبقے کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے ہمارے عزم کا اعتراف ہے۔ میں سہولت کے تمام منسلک کوآپریٹیوز، ان کے ڈائریکٹرز اور عملے، رہنماو¿ں اور پوری سہولت ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بلاسودی مائیکروفنانس اور معاشی طور پر فعال غریب طبقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے محنت اور لگن سے کام کیا۔
یہ اعزاز سہولت مائیکروفنانس سوسائٹی کی جانب سے ہندوستان میں مالی شمولیت کو بہتر بنانے اور اخلاقی مالیاتی نظام کے ذریعے منصفانہ اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کا اعتراف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais