راجیہ سبھا انتخابات : بنگال کی ایک سیٹ کے لیے ترنمول امیدوار کے نام کو لے کر قیاس آرائیاں تیز
کولکاتا، 27 نومبر (ہ س)۔ ملک میں ایک بار پھر انتخابی ماحول بننے جا رہا ہے۔ اس بار یہ انتخاب راجیہ سبھا کی خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے کرایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 20 دسمبر کو چار ریاستوں کی چھ سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے جن میں مغربی بنگال کی ایک سیٹ بھی شامل ہے۔
مغربی بنگال کی راجیہ سبھا کی 16 نشستوں میں سے ایک نشست ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جواہر سرکار کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ جواہر سرکار نے ریاست میں آر جی کر اسپتال گھوٹالے کے خلاف احتجاج میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد راجیہ سبھا میں ترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ کی تعداد کم ہو کر 12 ہو گئی ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ترنمول کانگریس جواہر سرکار کی جگہ راجیہ سبھا میں کس کو بھیجے گی۔ بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے اگلے امیدوار کے بارے میں قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ پارٹی نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
اس وقت ترنمول کانگریس کے پاس مغربی بنگال سے راجیہ سبھا میں 12 اراکین پارلیمنٹ ہیں، جب کہ بی جے پی کے پاس دو اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے پاس ایک رکن پارلیمنٹ ہے۔ یہ سیٹ ترنمول کانگریس کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سے پارٹی کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کا موقع ملے گا۔
کیا ترنمول کانگریس اس سیٹ پر کسی سینئر لیڈر کو نامزد کرے گی یا کسی نئے چہرے کو موقع ملے گا؟ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ امیدوار کے نام کا اعلان آنے والے دنوں میں پارٹی کی حکمت عملی اور ترجیحات پر بھی روشنی ڈالے گا۔ اس وقت کئی ناموں کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم یہ بھی واضح نہیں ہے کہ پارٹی کی سپریمو ممتا بنرجی کس نام کو منظوری دیں گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن