نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔
دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال، سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما درگیش پاٹھک، وجے نائر اور بی آر ایس لیڈر کے کویتادہلی ایکسائز اسکام کے سی بی آئی سے متعلق معاملے میں ملزم ہیں۔ جمعرات کو راو¿ز ایونیو کی عدالت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہو ئے۔ خصوصی جج کاویری باویجا نے کیس کی اگلی سماعت 28 نومبر کو کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس سے پہلے 11 ستمبر کو عدالت نے درگیش پاٹھک کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت دینے کا حکم دیا تھا۔ 3 ستمبر کو عدالت نے کیجریوال کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے دائر کی گئی سپلیمنٹری چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ 23 اگست کو سی بی آئی نے عدالت کو بتایا تھا کہ کیجریوال کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ 10 جولائی کو عدالت نے ای ڈی چارج شیٹ کا نوٹس لیا اور کیجریوال کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ 17 مئی کو ای ڈی نے ساتویں سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں عام آدمی پارٹی اور کیجریوال کو ملزم بنایا گیا ہے۔
اس معاملے میں اب تک 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں کیجریوال، سسودیا، ایم پی سنجے سنگھ، کے کویتا شامل ہیں ۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے کیجریوال، سنجے سنگھ، سسودیا اور کویتا کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے۔
ای ڈی نے 21 مارچ کو دیر شام پوچھ گچھ کے بعد کیجریوال کو گرفتار کیا تھا۔ 10 مئی کو سپریم کورٹ نے کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دی تھی جس کے بعد کیجریوال نے 2 جون کو خودسپردگی کی۔ کیجریوال کو سی بی آئی نے 26 جون کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے اس معاملے میں پوچھ گچھ کے بعد 9 مارچ 2023 کو تہاڑ جیل سے سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔ سسودیا کو اس سے قبل 26 فروری 2023 کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔
ای ڈی نے 10 مئی کو چھٹی ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں بی آر ایس لیڈر کویتا، چن پریت سنگھ، دامودر شرما، پرنس کمار، اروند سنگھ کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے چھٹے ضمنی چارج شیٹ کا 29 مئی کو نوٹس لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 27 اگست کو سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی معاملے میں کویتا کو ضمانت دے دی تھی۔ 13 ستمبر کو سپریم کورٹ نے سی بی آئی کیس میں کیجریوال کو باقاعدہ ضمانت دے دی تھی۔ اس سے پہلے 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے ای ڈی معاملے میں کیجریوال کو عبوری ضمانت دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ