کانپور، 30 اکتوبر (ہ س)۔ فضل گنج تھانہ علاقے میں دادا نگر ڈھال سے ریلوے کنٹینر کے قریب بدھ کی صبح موٹر سائیکل سوار دو لٹیروں کے ساتھ پولیس کا تصادم ہوا۔ یہ دونوں پیر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے زخمی بدمعاشوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ گولی لگنے سے زخمی ہونے والے دونوں بدمعاش حقیقی بھائی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سینٹرل مہیش کمار نے بتایا کہ 23اکتوبر کو فضل گنج تھانہ علاقہ میں پیش آنے والی لوٹ کی واردات کی تحقیقات کے دوران پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے لٹیروں کی شناخت کی۔ پولیس شناخت کی بنیاد پر ان کی تلاش کی جا رہی تھی۔ بدھ کی صبح فضل گنج تھانے کی پولیس ٹیم مشتبہ افراد کی تلاش میں تھی۔ دریں اثنا پولیس کو اطلاع ملی کہ لوٹ کی واردات کرنے والے دونوں لٹیرے موٹر سائیکل پر دادا نگر ڈھال سے ریلوے کنٹینر کی طرف جارہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے لٹیروں کا پیچھا کیا ۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی انہوں نے نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے بھی اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران دونوں بدمعاش پیر میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ٹیم نے فوری طور پر دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اور علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔
اے سی پی نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران دونوں کے حقیقی بھائی گلفام اور سلطان ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سے قبل ان دونوں کے خلاف فضل گنج سمیت دیگر تھانوں میں مجرمانہ مقدمات درج تھے۔ تاہم ان کے خلاف اب تک کتنے فوجداری مقدمات درج ہیں، اس بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد