بہرائچ کے فساد کی شدید مذمت، قصورواروں پر قانونی کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی،18اکتوبر(ہ س)۔ شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںمسلمانوں سے اپیل کی کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور اخلاق حسنہ کے ساتھ اپنے معاملات کو انجام دیں۔ مفتی مکرم نے بہرائچ کے فس
بہرائچ کے فساد کی شدید مذمت، قصورواروں پر قانونی کارروائی کا مطالبہ


نئی دہلی،18اکتوبر(ہ س)۔

شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںمسلمانوں سے اپیل کی کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور اخلاق حسنہ کے ساتھ اپنے معاملات کو انجام دیں۔ مفتی مکرم نے بہرائچ کے فساد کی شدید مذمت کی اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قصورواروں پر سخت سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا اوربہرائچ کی مہسی تحصیل کے مہراج گنج میں مکان کی چھت پر چڑھ کر سبز پرچم ہٹاکر بھگوا پرچم لہرانے نیز ڈی جے پر قابل اعتراض گانے بجانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریشن کی غفلت کی شدید مذمت کی۔ مفتی مکرم نے ایک غیر مسلم نوجوان کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مکانوں دکانوں، ہسپتال اور گاڑیوں پر حملہ کرنے والوں اور آتش زنی کرنے والوں پر شدید کارروائی کی جائے۔ مفتی مکرم نے کہا کہ مذہبی جلوس نکلنا کوئی نئی بات نہیں ہے، ہر مذہب کے جلوس نکلتے ہیں لیکن مہراج گنج کا فساد منظم اور منصوبہ بند معلوم ہوتا ہے۔ اس کی اعلیٰ سطح جانچ کرائی جائے، قصورواروں کو سزا دلائی جائے اور اقلیتی فرقہ کو ہراساں نہ کیا جائے۔

مفتی مکرم نے ہماچل پردیش میں سبزی فروشوں سے اپنی دکانوں اور اسٹالز پر ’سناتن سبزی والا‘ پوسٹر لگوانے والوں پر بھی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایک سمیتی کے ارکان نے سول سوسائٹی کے گروپوں کے ساتھ مل کر سبزی کے دکانداروں میں پوسٹرز تقسیم کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی دکانوں پر ان پوسٹرز کو لگائیں۔ یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ مفتی مکرم نے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ ہوائی حملوں کی شدید مذمت کی۔ بھوکے پیاسے بیمار، بے گھر اور بے سہارا نہتے عوام، عورتوں اور بچوں پر فضائی حملے برابر جاری ہیں۔ اسرائیل نے لبنان میں امن فوج پر بھی حملے کیے۔ غزہ کی ناکہ بندی سے لاکھوں فلسطینیوں کی ہلاکت کا اندیشہ ہے۔ عالمی برادری اسرائیل کا بائیکاٹ کرے۔ مفتی مکرم نے عرب ملکوں کی شدید مذمت کی جو ابھی بھی اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں انہیں اللہ سے ڈرنا چاہیے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande