گوالیار، 11 اکتوبر (ہ س)۔
شہر کے جھانسی روڈ تھانہ علاقے میں جمعہ کی صبح شیتل ماتا مندر کا درشن کرکے واپس آرہے پانچ دوستوں کی تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ کار کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد اس کے تین ٹکڑے ہو گئے۔ حادثے میں کار میں سوار پانچ نوجوانوں میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ دو شدید زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق شہر کے ونے نگر، چندن نگر، ندی پار تال اور تھاٹی پور میں رہنے والے پانچ دوست سنجے دھاکڑ نامی نوجوان کی کار میں سوار ہوکر جمعرات کی دیر رات شیتلا ماتا کے درشن کرنے کے لیے ساتئو کی پہاڑی پر گئے تھے۔ وہاں سے واپسی کے دوران یہ حادثہ جمعہ کی صبح گوالیار-جھانسی ہائی وے پر گاوں سیتھولی کے قریب پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو گاڑی کی حالت دیکھ کر پولیس سمیت دیگر سہم گئے۔ گاڑی کے تین ٹکڑے ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت سنجے دھاکڑ (24)، وویک جوشی (22)، ریتھک مانجھی (22) کے طور پر کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انکت اور موہیل نامی دو نوجوان زخمی ہوئے ہیں اور ان کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن