سیدھی، 21 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں سرکاری محکموں کے بدعنوان افسران اور ملازمین کے خلاف لوک آیکت کی کارروائی جاری ہے۔ اس کے باوجود رشوت ستانی کے واقعات کم ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ تازہ ترین معاملہ سیدھی ضلع کا ہے جہاں ریوا لوک آیکت نے نائب تحصیلدار کو 25 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ ملزم نائب تحصیلدار نے اراضی کی منتقلی کے عوض رشوت طلب کی تھی۔
جانکاری کے مطابق ہفتہ کی صبح ریوا لوک آیکت پولیس نے سیدھی میں نائب تحصیلدار والمیکی ساکیت کو 25 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ ا۔ شکایت کرنے والے کسان آشو شکلا ساکن سیدھی نے کچھ دن پہلے لوک آیکت سے شکایت کی تھی۔ شکایت میں کہا گیا کہ اسے زمین کا داخل خارج کرانا تھا۔ اس کے لیے نائب تحصیلدار والمیکی ساکیت نے ایک لاکھ روپے مانگے۔ بات چیت کے بعد 50 ہزار روپے میں معاملہ طے پایا۔ شکایت کی تصدیق کے بعد رشوت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ منصوبہ بند طریقے سے لوک آیکت ٹیم نے روپیوں میں رنگ لگا کر آشو شکلا کو دے دیا۔
ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے آشو شکلا 25 ہزار روپے کی پہلی قسط لے کر نائب تحصیلدار والمیکی ساکیت کے گھر پہنچے۔ جیسے ہی نائب تحصیلدار نے رقم لی، لوک آیکت نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ رشوت کے 25 ہزار روپے بھی برآمد کر لئے۔ افسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لوک آیکت ڈی ایس پی پرویدر سنگھ نے بتایا کہ 12 رکنی ٹیم نے نائب تحصیلدار کو گھیرے میں لے کر گرفتار کیا۔ معاملے کی جانچ کی جائے گی۔ لوک آیکت ریوا کی ٹیم ملزم نائب تحصیلدار کے ساتھ مجہولی سے سیدھی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ ان کے خلاف مختلف کرپشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن