چنڈی گڑھ، 21 دسمبر (ہ س)۔
ہفتہ کی شام پنجاب کے شہر موہالی میں ایک تین منزلہ عمارت گر گئی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے کئی لوگ دبے ہوئے ہیں۔ یہ جم عمارت کی تیسری منزل پر تھا اور حادثے کے وقت کھلا ہوا تھا۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے راحت اور بچاو¿ کام شروع کر دیا ہے۔ پولیس عمارت کے مالک کی تلاش کر رہی ہے۔ معلومات کے مطابق، موہالی کے سوہانہ میں حادثے کا شکار ہونے والی عمارت کے ساتھ واقع خالی پلاٹ میں تہہ خانے کی تعمیر کے لیے کھدائی کی جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرنے والی عمارت اور خالی پلاٹ کا مالک ایک ہی ہے۔ ہفتہ کو پلاٹ میں جے سی بی مشینوں سے تہہ خانے کی کھدائی جاری تھی کہ اس سے ملحقہ عمارت کمزور بنیاد کے باعث منہدم ہوگئی۔ اس عمارت میں پرائیویٹ دفاتر کے علاوہ بالائی منزل پر ایک جم بھی چل رہا تھا اور عمارت گرنے کے وقت یہ کھلا ہوا تھا۔ ایسے میں جم میں آنے والے لوگوں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ انتظامیہ جم کے منتظمین سے رابطہ کر رہی ہے۔ عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ جم میں 10 سے 15 افراد موجود تھے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موہالی کے ایس ایس پی اور روپ نگر رینج کے ڈی آئی جی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی اطلاع پر این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچاو¿ کام شروع کر دیا۔موہالی کے ڈپٹی کمشنر اشیکا جین کے مطابق ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ ملبہ ہٹانے اور لوگوں کو بچانے کا کام جاری ہے۔ ڈی آئی جی ہرچرن سنگھ بھولر کے مطابق پولیس نے عمارت کے مالک کا سراغ لگا لیا ہے اور اسے بلایا گیا ہے۔ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ جم میں کتنے لوگ موجود تھے۔ ملبہ ہٹانے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan