جیو فائنانشیل سروسز نے جیو فائنانس ایپ کا نیا اپ گریڈ ورژن لانچ کیا
نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س)۔ مکیش امبانی کی زیرقیادت ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) نے مالیاتی بازار میں حصہ حاصل کرنے کے لیے ایک بڑی شرط لگائی ہے۔ آر آئی ایل کی مالیاتی کمپنی جیو فائنانشیل سروسز لمیٹڈ (جے ایف ایس ایل) نے نوراتری میں جیو فائنانس ایپ کا ایک نیا اپ گریڈ ورژن لانچ کیا ہے۔ ایپ کے ذریعے صارفین کے مختلف بینک اکاؤنٹس اور میوچل فنڈ ہولڈنگز کو جوڑا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے جمعہ کو ایک ریگولیٹری فائلنگ میں کہا کہ پہلے سے بہتر مالی خدمات فراہم کرنے کے لیے، جیو فائنانشیل سروسزلمیٹڈ نے اپنی مکمل طور پر تیار کردہ جیو فائنانس ایپ لانچ کی ہے۔ جے ایف ایس ایل نے اپنا بیٹا ورژن 4 ماہ قبل 30 مئی 2024 کو لانچ کیا تھا، تب سے اب تک اسے 60 لاکھ صارفین ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور، ایپل ایپ اسٹور اور مائی جیو سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
جے ایف ایس ایل کے مطابق، تقریباً 15 لاکھ صارفین نے جیو پیمنٹ بینک لمیٹڈ (جے پی بی ایل) میں اپنا بچت کھاتہ کھولا ہے۔ اس بینک میں بچت کھاتہ صرف 5 منٹ میں ڈیجیٹل طور پر کھولا جا سکتا ہے۔ سیونگ اکاؤنٹ کے ساتھ ڈیبٹ کارڈ بھی دستیاب ہوگا اور بائیو میٹرک تصدیق کی وجہ سے سیونگ اکاؤنٹ بھی زیادہ محفوظ ہوگا۔ مزید برآں، UPI ادائیگی، موبائل ریچارج اور کریڈٹ کارڈ بلوں کی ادائیگی جیسی خدمات بھی صارفین کو دستیاب ہوں گی۔ اس ایپ کے ذریعے کمپنی زندگی، صحت، دو پہیہ گاڑی، موٹر انشورنس ڈیجیٹل طور پر پیش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی