نئی دہلی، یکم اکتوبر ( ہ س)۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) نے ’ون نیشن،ون الیکشن‘کو ایک غیر جمہوری اور وفاق کے خلاف قدم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف رائے عامہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاج کے طور پر، سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی نے بھی 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک ہر ریاست میں ایک ماہ کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی اس مہم میں ملک کے سلگتے ہوئے مسائل کو بھی شامل کرے گی۔ منگل کو سی پی آئی (ایم) نے ایک بیان جاری کرکے یہمعلومات دی۔
سی پی آئی (ایم) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ، ریاستی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے بیک وقت انتخابات کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے پارلیمانی جمہوری نظام اور وفاقی ڈھانچہ کمزور ہوگا۔ اس سے ریاستی مقننہ اور لوک سبھا کی پانچ سالہ مدت کی آئینی اسکیم کی خلاف ورزی ہوگی۔ یہ ایک مرکزی اور وحدانی نظام لائے گا جو ریاستوں اور ان کی منتخب اسمبلیوں کے حقوق کو پامال کرے گا۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ 'ون نیشن، ون الیکشن' تجویز کے ساتھ ساتھ پارٹی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی خدمات کی نجکاری کے خلاف بھی مہم چلائے گی۔ پارٹی مہم کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی خوردہ قیمتوں، خواتین کے خلاف جرائم اور لڑکیوں پر جنسی حملوں جیسے مسائل کو بھی اٹھائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد