اے ایم یو میں انڈین ایسوسی ایشن آف میڈیکل مائیکرو بایولوجسٹس کی سالانہ کانفرنس کا آغاز
علی گڑھ، 4 فروری(ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مائیکرو با
انڈین ایسوسی ایشن آف میڈیکل مائیکرو بایولوجسٹس کی سالانہ کانفرنس کا کا منظر


علی گڑھ، 4 فروری(ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مائیکرو بایولوجی شعبہ میں انڈین ایسوسی ایشن آف میڈیکل مائیکرو بایولوجسٹس (یوپی-یوکے چیپٹر) کی 18ویں سالانہ کانفرنس کا آغاز ہوا جس میں فیکلٹی ممبران اور طب کے شعبے کے ماہرین نے متعلقہ موضوعات پر گفتگو کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں مہمان خصوصی، اے ایم یو وائس چانسلرپروفیسر طارق منصور نے کانفرنس سے قبل متعدد ورکشاپ اور اس کانفرنس میں 300 سے زیادہ مندوبین کو مدعو کرنے کے لیے جے این ایم سی کے مائیکرو بایولوجسٹس کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنسیں علمی استفادے اور باہمی تعاون کا موقع فراہم کرتی ہیں۔اپنے صدارتی کلمات میں ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر وینا مہیشوری نے کہا کہ یہ دو روزہ پروگرام شرکاء کو ایسے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو مائیکروبایولوجی کے شعبے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے متعلق ہیں۔ خاص طور پر کانفرنس کے متعلقہ تھیم ”وائرس کے دور میں بیکٹیریالوجی کا کردار“ پر تفصیلی گفتگو دیکھنے کو ملے گی۔ میڈیکل کالج و اسپتال کے سی ایم ایس اور پرنسپل پروفیسر راکیش بھارگو نے کانفرنس کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ماہرین کی گفتگو سے شرکاء کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر حارث ایم خان (آرگنائزنگ چیئرمین) نے کانفرنس کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور ریسورس پرسنز کا تعارف کرایا۔ انڈین ایسوسی ایشن آف میڈیکل مائیکرو بایولوجسٹس (یوپی-یوکے چیپٹر) کے سکریٹری پروفیسر رنگمی ایس کے مارک نے ایسوسی ایشن کی مختصر اکیڈمک رپورٹ پیش کی۔ڈاکٹر نازش فاطمہ (معاون آرگنائزنگ چیئرپرسن اور چیئرپرسن، مائیکرو بایولوجی شعبہ) نے بیکٹیریالوجی اور متعلقہ شعبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ وہ کس طرح ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ڈاکٹر فاطمہ خان (آرگنائزنگ سکریٹری) نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر بھاسمتی نے انجام دئے۔

ہندوستھان سماچار//محمد


 rajesh pande