
علی گڑھ, 23 ستمبر (ہ س)
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ‘سوچھتا ہی سیوا مہم 2026’ کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی نگرانی میں دیہی صحت تربیتی مرکز (آر ایچ ٹی سی) ، جواں میں صفائی مہم کا انعقاد کیا۔ دیہی صحت تربیتی مرکز کے صفائی عملے نے احاطے اور اس کے اطراف کے علاقوں کی صفائی میں بھرپور حصہ لیا، جس میں کچرے کو جمع کرنا اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا بھی شامل تھا۔ اس اقدام کے ذریعہ صفائی کی اہمیت اور بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند زندگی میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
دوسری طرف اے ایم یو گرلز اسکول نے سوچھتا گیان یاترا نکالی جس کے ذریعہ صفائی، حفظانِ صحت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی۔ یہ پروگرام پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور نائب پرنسپل محترمہ الکا اگروال کی رہنمائی میں منعقد ہوا، جبکہ ثقافتی امور کی انچارج محترمہ عرشی ظفر خان نے تعاون کیا۔ محترمہ نصرت پروین اور محترمہ سندس نورالعین نے پروگرام کو مربوط کیا۔
اس یاترا میں شامل طالبات ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھیں جن پر حفظانِ صحت اور صفائی سے متعلق بامعنی پیغامات اور نعرے درج تھے۔ اس موقع پر پوسٹر سازی مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں طالبات نے صفائی، ذاتی حفظانِ صحت، کچرے کے انتظام اور ماحولیاتی ذمہ داری جیسے موضوعات کو تخلیقی انداز میں اجاگر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ