
پٹنہ، 23 ستمبر (ہ س)۔
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں بدھ کے روز منعقدہ بہار کابینہ کی میٹنگ میں کل 24 تجاویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے مشہور کوی رام دھاری سنگھ دنکر کے یومِ پیدائش کے موقع پر بیگوسرائے میں رام دھاری سنگھ دنکر یونیورسٹی اور پٹنہ میں ماں سیتا ویمنز یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی۔ دنکر یونیورسٹی کے افسران اور ملازمین کی تنخواہ وغیرہ کے لیے 15 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ نے مویشی پالنے والوں کے لیے وزیر اعلیٰ گو-دھن وکاس لون اسکیم کو منظوری دیتے ہوئے بینک قرض کے سود پر 100 فیصد سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے تحت مستفیدین کو صرف اصل رقم ہی ادا کرنی ہوگی۔ اس اسکیم کے لیے 1,600 کروڑ روپے سے زائد کی رقم منظور کی گئی ہے۔ اعلیٰ نسل کی تین گائے یا دو بھینسوں کے ذریعے دودھ کی پیداوار بڑھانے اور مویشی پالنے والوں کی آمدنی میں اضافے پر زور دیا جائے گا۔
کابینہ کی میٹنگ میں وارث علی گنج میں نئی شوگر مل کے قیام کو بھی منظوری دی گئی۔ اس پروجیکٹ میں 500 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری تجویز کی گئی ہے۔ اس سے نوادہ کے علاوہ نالندہ، شیخ پورہ اور جموئی کے کسانوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
میٹنگ میں سات نشچے-3 کے تحت کوسی کوآپریٹو ملک پروڈیوسرز یونین کے ماتحت سپول، مدھے پورہ اور سہرسا میں ڈیری ڈیولپمنٹ اسکیموں کو بھی منظوری ملی۔ تقریباً 126.07 کروڑ روپے کی لاگت سے دہی پلانٹ، پریمیم آئس کریم پلانٹ، ملک چلنگ پلانٹ سمیت دیگر سہولیات تیار کی جائیں گی۔
پولیس نظام کو مستحکم کرنے کے لیے ضلع پولیس، ریل پولیس، انسدادِ منشیات اور ریاستی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ساتھ لوک بھون سے متعلق آلات کی خریداری کے لیے 336.85 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دی گئی۔ مرکز کے زیرِ اہتمام پولیس ماڈرنائزیشن اسکیم کے تحت 50 ڈرون خریدنے کی بھی منظوری ملی ہے۔ ان پر 24.50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان کا استعمال ہجوم پر قابو پانے، ندی کے علاقوں میں مہم، نکسل مخالف مہم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں کیا جائے گا۔
کابینہ نے پٹنہ میونسپل کارپوریشن کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ماضی میں دیے گئے 41.0041 کروڑ روپے کے قرض کو گرانٹ کے طور پر ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریاست کے 12 طبی اداروں میں ای-سشروت این ایکس ایپلی کیشن نافذ کرنے کے منصوبے کو بھی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ بہار بوائلر (جانچ، تصفیہ اور اپیل) رولز، 2026 کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے فیصلوں میں اعلیٰ تعلیم، مویشی پروری، ڈیری، شوگر انڈسٹری، پولیس ماڈرنائزیشن اور شعبہ صحت سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن