
برسلز، 18 ستمبر(ہ س)۔ یورپی یونین نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ریاض کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ حالیہ کوشش پر بھی شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔یورپی یونین کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں یمن کے تنازع کے غیر فوجی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور خطے کی سلامتی کو مزید کمزور کر رہی ہیں۔ یورپی یونین نے حوثیوں پر زور دیا کہ وہ تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر روک دیں۔یورپی یونین نے اس سے قبل بھی سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرناک پیش رفت ہے۔ یورپی یونین نے حوثیوں سے یمن کے اندر اور باہر تمام حملے روکنے اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔مکہ مکرمہ سے متعلق واقعے پر سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بھیجا گیا ڈرون شہر کی جانب بڑھ رہا تھا جسے سعودی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کردیا۔ تاہم حوثیوں نے مکہ کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے اور سعودی دعوے کو مسترد کیا ہے۔یورپی یونین نے اپنے تازہ بیان میں یمنی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ، علاقائی شراکت داروں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے اور یمن میں جامع، پائیدار اور پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan