
گوپیشور، 17 ستمبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی بلند ہمالیائی علاقوں میں برف باری شروع ہو گئی ہے۔ جمعرات کی صبح سے موسم میں تبدیلی کے درمیان ہیم کنڈ صاحب، بدری ناتھ اور رودر ناتھ کی بلند پہاڑیوں پر برف باری ہو رہی ہے۔ بلند علاقوں میں ہونے والی برف باری کا اثرنچلے علاقوں میں بھی نظر آنے لگا ہے اور سردی بڑھ گئی ہے۔
جمعرات کی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا۔ نچلے علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ وہیں بلند علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری شروع ہو گئی۔ پہاڑیوں پر برف کی سفید چادر نظر آنے سے موسم میں اچانک ٹھنڈک بڑھ گئی۔
درجہ حرارت میں کمی کے باعث نچلے علاقوں میں لوگوں نے بھی گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔ صبح اور شام کے وقت سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ بارش اور برف باری کے باعث ستمبر میں ہی موسم نے سردیوں کی آمد کا احساس کرا دیا ہے۔ بلند ہمالیائی علاقوں میں جاری برف باری سے بدری ناتھ، ہیم کنڈ اور رودر ناتھ کے علاقوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ موسم میں اس تبدیلی کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں اور مقامی لوگوں کو بھی سردی سے بچاؤ کے لیے محتاط رہنا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد