
کٹھمنڈو، 17 ستمبر (ہ س)۔ نیپال کے وزیر خزانہ ڈاکٹر سورنم واگلے تین روزہ دورہ کے تحت جمعرات کی صبح نئی دہلی پہنچے ہیں۔ حکومتِ ہند کی دعوت پر واگلے صبح 7.35 بجے کی پرواز سے کاٹھمانڈو سے دہلی پہنچے۔ واگلے کے ہندوستان دورے کا بنیادی مقصد آفت کے بعد از سر نو تعمیر سمیت دونوں ممالک کے درمیان معاشی، سیاسی اور سفارتی تعاون کے مختلف پہلووں پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔ ان کے سکریٹریٹ کے مطابق، دورے کے دوران دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔
واگلے جمعرات کی شام 5 بجے ہندوستانی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سے ملاقات کریں گے۔ جمعہ کی صبح وہ ہندوستان کے سابق خارجہ سکریٹری شیام شرن کے زیر اہتمام منعقدہ اعلیٰ سطحی سفارتی مذاکراتی پروگرام میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ جمعہ کی شام 5 بجے ان کی ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی ملاقات طے ہے۔
جمعہ کی شام 7.30 بجے واگلے انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے صدر جاوید اشرف کے زیر اہتمام منعقدہ وسیع اجلاس میں شامل ہوں گے۔ ہفتے کی صبح 9.30 بجے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی جانب سے منعقدہ معتبر صنعتی گھرانوں کی کانفرنس میں وہ کلیدی مقرر کے طور پر حصہ لیں گے۔
ہفتہ کی صبح 11.30 بجے دہلی اسکول آف اکنامکس کے زیر اہتمام ترقیاتی معاشیات پر علمی و فکری بحث میں واگلے بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔ وہ ہفتے کی شام 4 بجے نیپال واپس لوٹیں گے۔
وزیر خزانہ کے وفد میں وزارتِ خزانہ کے جوائنٹ سکریٹری امرت لمسال، وزارتِ خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری گہیندر راج بھنڈاری، نئی دہلی میں واقع نیپالی سفارت خانے کے نائب سربراہِ مشن ڈاکٹر سریندر تھاپا، وزیر مالیات تارا ناتھ ادھیکاری اور وزیر خزانہ کے پرائیویٹ سکریٹری کنچن بسنیت سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن