موہالی میں تاوان کے لیے فائرنگ، لارنس گینگ سے وابستہ چار نوجوان گرفتار
موہالی، 17 ستمبر (ہ س)۔ موہالی میں تاوان کی رقم وصول کرنے کے لیے مختلف کوٹھیوں پر فائرنگ کرنے کے الزام میں پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے دو غیر ملکی پستول سمیت پانچ پستول، 12 زندہ کارتوس اور واردا
Mohali-Three-extortion-related


موہالی، 17 ستمبر (ہ س)۔ موہالی میں تاوان کی رقم وصول کرنے کے لیے مختلف کوٹھیوں پر فائرنگ کرنے کے الزام میں پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے دو غیر ملکی پستول سمیت پانچ پستول، 12 زندہ کارتوس اور واردات سے پہلے اور بعد میں استعمال کی گئی عارضی نمبر پلیٹ والی فارچیونر کار برآمد کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ورون شرما نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈی جی پی پنجاب گورو یادو اور ڈی آئی جی روپر رینج نانک سنگھ کی ہدایت پر پولیس ٹیموں نے تکنیکی تفتیش اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ اس کارروائی میں سی آئی اے اسٹاف کے انچارج انسپکٹر پردیپ سنگھ باجوا اور آپریشن سیل کے انچارج انسپکٹر ہرمندر سنگھ کی ٹیموں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان ملزمان نے موہالی میں تین مختلف مقامات پر فائرنگ کی تھی۔

پہلی واردات 4 اور 5 ستمبر کی درمیانی رات فیز-10 میں مکان نمبر 1959 پر سنجے جڈیجا کے گھر میں ہوئی، جہاں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس سے قبل بیرون ملک مقیم گینگ سے وابستہ کل ویر سنگھ سدھو نے سنجے جڈیجا سے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

دوسری واردات 7 ستمبر کو فیز-10 میں ہی سنجے جڈیجا کے پارٹنر بلجیت سنگھ کے مکان نمبر 2459 پر ہوئی۔ یہاں بھی موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کی۔ اس معاملے میں بھی 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تیسری واردات 14 ستمبر کو سیکٹر-104 میں مکان نمبر 269 پر فلم پروڈیوسر جگدیپ سنگھ مان کے گھر پر ہوئی۔ فائرنگ کے دوران گھر میں کام کرنے والا سچن گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جگدیپ سنگھ مان سے بھی 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔

تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزمان بڈیل جیل میں بند رویندر سنگھ عرف کالی کے رابطے میں تھے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ کالی جیل سے گینگ کی سرگرمیاں چلاتا تھا اور ملزمان بیرون ملک مقیم کل ویر سنگھ سدھو سے بھی رابطے میں تھے۔

پولیس کے مطابق جسمن دیپ سنگھ فائرنگ سے پہلے کوٹھیوں کی ریکی کرتا تھا، جبکہ دشنت شرما واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی دیکھ بھال کرتا تھا۔ آکاش دیپ سنگھ، پروین کمار اور ان کا ایک اور ساتھی سمر دیپ سنگھ عرف جشن فائرنگ کی وارداتوں میں ملوث بتائے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق سیکٹر-35 اے، چنڈی گڑھ کے رہائشی آکاش دیپ سنگھ، لہرا سودا، بھٹنڈہ کے رہائشی پروین کمار عرف کالو، انسل کالونی، سیکٹر-114، کھرڑ کے رہائشی جسمن دیپ سنگھ اور شیخ پورہ، جگادھری، یمنا نگر کے رہائشی دشنت شرما عرف شمی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دشینت شرما کے خلاف سوہنا تھانے میں پہلے سے لڑائی جھگڑے کا ایک مقدمہ درج ہے۔

پولیس نے بتایا کہ سمر دیپ سنگھ عرف جشن کی گرفتاری ابھی باقی ہے۔ بوڑیل جیل میں بند رویندر سنگھ عرف کالی کو پروڈکشن وارنٹ پر لا کر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ گرفتار ملزمان کو ریمانڈ پر لے کر دیگر وارداتوں اور ہتھیاروں کی سپلائی سے وابستہ نیٹ ورک کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande