
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ملازمین کو مسابقتی امتحان میں حصّہ لینے کے لیے پیشگی اجازت لازمی قرار دیا
جموں، 17 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے اپنے افسران و ملازمین کو مسابقتی امتحانات میں شرکت یا مزید تعلیم حاصل کرنے سے قبل مجاز اتھارٹی سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رجسٹرار جوڈیشل جموں سواتی گپتا کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے بعض افسران و ملازمین مسابقتی امتحانات میں شرکت یا مزید تعلیم کے خواہشمند ہونے کے باوجود متعلقہ اتھارٹی سے پہلے اجازت حاصل نہیں کرتے، بلکہ امتحانی یا داخلہ فارم جمع کرانے کے بعد اجازت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی مسابقتی امتحان یا مزید تعلیم کیلئے درخواست فارم جمع کرانے سے پہلے مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔ عدالت نے کہا کہ مقررہ طریقۂ کار کے برخلاف جمع کرائی جانے والی درخواستوں کو بعد ازاں اجازت یا سابقہ تاریخ سے منظوری نہیں دی جائے گی، اگر وہ متعلقہ رہنما اصولوں کے منافی پائی گئیں۔
ہائی کورٹ نے تمام متعلقہ افسران و ملازمین کو ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کے نتیجے میں تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ یہ حکم رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر و لداخ کی جانب سے 10 ستمبر 2026 کو جاری مواصلت کی تعمیل میں جاری کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر