
امراوتی، 15 ستمبر (ہ س) گنیش اتسو کے دوران بینجو بجانے کا کام مکمل کرکے اچل پور واپس جاتے ہوئے ماموں اور بھانجے کی موٹر سائیکل کو ایک تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔ پیر 14 ستمبر کی دیر رات امراوتی کے رنگ روڈ پر امبا پارک کے قریب پیش آنے والے اس بھیانک حادثے میں موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
متوفین کی شناخت وکی شنکر راؤ امبھورے عمر 25 سال ساکن اچل پور اور ان کے بھانجے ابھے ولاس سابڑے عمر 18 سال ساکن اچل پور کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں پیر کے روز امراوتی کے ناندگاؤں پیٹھ علاقے میں واقع ایک عوامی گنیش منڈل میں بینجو بجانے کے لیے آئے تھے۔ گنیش منڈل کا پروگرام مکمل ہونے کے بعد انہوں نے بینجو کی گاڑی میں دیگر ملازمین اور متعلقہ سامان رکھا اور اچل پور واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔
وکی امبھورے اور ابھے سابڑے موٹر سائیکل پر بینجو کی گاڑی کے ساتھ سفر کررہے تھے۔ اسی دوران رنگ روڈ پر امبا پارک کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹرک کا رجسٹریشن نمبر جی جے 03 بی وی 788 بتایا گیا ہے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ماموں اور بھانجا موٹر سائیکل سمیت ٹرک کے پہیوں کے نیچے دب گئے۔ دونوں بری طرح کچلے گئے اور جائے حادثہ پر ہی ان کی المناک موت ہوگئی۔
حادثے کے بعد موقع پر شہریوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی ناندگاؤں پیٹھ پولیس بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مقامی شہریوں کی مدد سے دونوں لاشوں کو ٹرک کے نیچے سے باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع جنرل اسپتال روانہ کردیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو حراست میں لے لیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھے۔ پولیس کی جانب سے حادثے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے