این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال ساتویں روز بھی جای رہی
این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال ساتویں روز بھی جای رہی جموں، 15 ستمبر (ہ س)۔ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) ملازمین کی جاری ہڑتال و احتجاج آج ساتویں روز بھی جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں جاری رہا۔ یو ٹی سطح کی رابطہ کمیٹی کے بینر تلے جموں صوبے کے ضل
Protest


این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال ساتویں روز بھی جای رہی

جموں، 15 ستمبر (ہ س)۔ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) ملازمین کی جاری ہڑتال و احتجاج آج ساتویں روز بھی جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں جاری رہا۔ یو ٹی سطح کی رابطہ کمیٹی کے بینر تلے جموں صوبے کے ضلعی و بلاک صدر مقامات پر ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔ احتجاج کی قیادت جے کے این ایچ ایم ای اے جموں صوبہ کے صدر ڈاکٹر وکاس شرما نے کی۔ اس دوران ڈاکٹروں، نیم طبی عملے، انتظامی ملازمین اور این ایچ ایم کی مختلف اسکیموں سے وابستہ ملازمین نے شرکت کی۔

ملازمین نے جامع ملازمت پالیسی، ملازمت کا تحفظ، سبکدوشی و سماجی تحفظ کی سہولیات، تمام اہل ملازمین کے لیے ای پی ایف، محروم رہ جانے والے ملازمین کے لیے لائلٹی فوائد اور دیگر دیرینہ مطالبات حل کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ ایسوسی ایشن کے چیف ترجمان ڈاکٹر حامد پرے نے کہا کہ ساتویں روز بھی ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت ان کے اتحاد اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایم ملازمین نے برسوں تک دشوار گزار اور دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دی ہیں اور اب وہ محفوظ اور باوقار مستقبل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین حکومت سے تصادم نہیں بلکہ بامعنی مذاکرات چاہتے ہیں اور یقین دہانیوں کے بجائے مطالبات کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے تمام ملازمین سے احتجاج کے دوران اتحاد، نظم و ضبط اور پُرامن طرز عمل برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ این ایچ ایم ملازمین کے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے فوری اور بامعنی اقدامات کیے جائیں۔ دریں اثنا، مسلسل ہڑتال کے باعث مختلف طبی خدمات متاثر ہوئی ہیں، خاص طور پر دیہی، دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں جہاں این ایچ ایم ملازمین طبی نظام کا اہم حصہ ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande