
پونے میٹرو کی سروس ماہ کے آخر تک شروع ہونے کا امکان، مَن سے ضلع عدالت تک 17 اسٹیشنوں پر بیک وقت سروس شروع کرنے کی تیاری
پونے، 15 ستمبر (ہ س)۔ پونے کے شہریوں اور ہنجے واڑی آئی ٹی پارک میں کام کرنے والے ملازمین کے روزانہ سفر کو آسان بنانے والی پونے میٹرو کی سروس رواں ماہ کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔ ابتدائی طور پر مَن سے آر کے لکشمن میوزیم بانے واڑی تک 12 اسٹیشنوں کے درمیان میٹرو سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، تاہم اب پورے مَن سے ضلع عدالت تک کے روٹ پر 17 اسٹیشنوں کے ساتھ ایک ہی وقت میں سروس شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سروس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں آن لائن طریقے سے کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ہنجے واڑی آئی ٹی پارک کو پونے کے مرکزی علاقے سے جوڑنے والی اس میٹرو سروس کا پونے کے شہریوں اور آئی ٹی ملازمین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ میٹرو ریل سیفٹی کمشنر نے 23 جولائی کو مَن سے آر کے لکشمن میوزیم بانے واڑی تک 12 اسٹیشنوں کے درمیان مسافر سروس شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس روٹ پر سروس شروع کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی تھیں۔
دریں اثنا، میٹرو روٹ پر مزید 5 اسٹیشنوں کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔ ان اسٹیشنوں کا معائنہ میٹرو ریل سیفٹی کمشنر کی جانب سے آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ اس معائنے کے بعد پورے 17 اسٹیشنوں پر میٹرو سروس شروع کرنے کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔ میٹرو سروس کے افتتاح کے لیے پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ریاستی حکومت کو خط بھیجا تھا۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کرانے کے لیے وزیر اعظم کے دفتر سے رابطہ کیا۔ تاہم وزیر اعظم کے وقت دستیاب نہ ہونے کے باعث افتتاحی پروگرام آگے نہیں بڑھ سکا۔
اس دوران میٹرو روٹ کے مزید 5 اسٹیشنوں کا کام مکمل کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے مرحلہ وار سروس شروع کرنے کے بجائے پورے روٹ پر ایک ہی وقت میں میٹرو سروس شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی وجہ سے اب مَن سے ضلع عدالت تک پورے روٹ پر تمام 17 اسٹیشنوں کے ساتھ بیک وقت میٹرو سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اگر آئندہ ہفتے مزید 5 اسٹیشنوں کا معائنہ مکمل ہوجاتا ہے اور ضروری منظوری حاصل ہوجاتی ہے تو ماہ کے آخر تک پورے روٹ پر میٹرو سروس شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس سے ہنجے واڑی آئی ٹی پارک اور پونے کے مرکزی علاقوں کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے شہریوں اور آئی ٹی ملازمین کو نمایاں سہولت ملنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے