
۔ سی ای او نے بتایا کہ این ایس ای ایکسچینج کا آئی پی او کیوں خاص ہے
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ ملک کی سب سے بڑی اسٹاک ایکسچینج کمپنی نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا انتہائی متوقع ابتدائی عوامی پیش کش (آئی پی او) 17 ستمبر کو کھلے گا۔ سرمایہ کار اس میں 21 ستمبر 2026 تک بولی لگا سکیں گے۔ ایک روپے کی فیس ویلیو والے اس ا یشیو کے لیے 1700 سے 1785 روپے فی شیئر کا پرائس بینڈ مقرر کیا گیا ہے۔
کمپنی نے منگل کو نئی دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ این ایس ای کا آئی پی او 17 ستمبر کو کھلے گا اور 21 ستمبر کو بند ہوگا۔اس آئی پی او میں اینکر سرمایہ کار 16 ستمبر کو بولی لگا سکیں گے۔ کمپنی نے اس کے لیے 1700 سے 1785 روپے فی شیئر کا پرائس بینڈ مقرر کیا ہے۔
نئی دہلی کے ہوٹل تاج مان سنگھ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں این ایس ای کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) آشیش کمار چوہان نے بتایا کہ اگر آنے والے مالی سال میں ہندوستانی معیشت 6.5 سے 7 فیصد کی رفتار سے ترقی کرتی رہتی ہے تو اس کا فائدہ شیئر بازار اور خاص طور پر نفٹی انڈیکس کو بھی ملے گا۔ چوہان نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کے سفر کے ساتھ این ایس ای کے لیے آئندہ 30 سے 50 برسوں میں بڑے مواقع موجود ہیں۔
این ایس ای کا ایک روپے کی فیس ویلیو والا 22,569 کروڑ روپے کا یہ آئی پی او مکمل طور پرآفر فار سیل (او ایف ایس) ہے۔ اس میں سرمایہ کار کم از کم 35 ایکویٹی شیئرز کے لیے اور اس کے بعد 35 شیئرز کے مضارب میں بولی لگا سکتے ہیں۔ایم یو ایف جی ان ٹائم انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اس آئی پی او کا رجسٹرار ہے۔ این ایس ای کے شیئرز کو بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) پر لسٹ کرانے کی تجویز ہے۔2024 میں ہنڈائی موٹر انڈیا کے 27,870 کروڑ روپے کے اجرا کے بعد یہ ملک کا دوسرا سب سے بڑاآئی پی او ہوگا۔
کمپنی کے مطابق ایک روپے کی فیس ویلیو والا یہ آئی پی او مکمل طور پر آفر فار سیل ہے۔ اس میں موجودہ کارپوریٹ شیئر ہولڈرز مجموعی طور پر 12,64,36,650 شیئرز فروخت کر رہے ہیں۔ ان شیئر ہولڈرز میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)، کینیڈا پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ، ارندا انویسٹمنٹس (ماریشس) پی ٹی ای لمیٹڈ، ایم ایس اسٹریٹیجک (ماریشس) لمیٹڈ، دی نیو انڈیا ایشورنس کمپنی لمیٹڈ، ایس بی آئی کیپٹل مارکیٹس لمیٹڈ، بینک آف بڑودہ، اسٹاک ہولڈنگ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ، جنرل انشورنس کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ اور یونائیٹڈ انڈیا انشورنس کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا (این ایس ای) نے 1994 میں کام شروع کیا تھا۔ یہ ہندوستان کا پہلا ایکسچینج ہے جس نے الیکٹرانک یعنی اسکرین بیسڈ ٹریڈنگ شروع کی۔ این ایس ای کا کاروباری ماڈل ایک مربوط نظام پر مبنی ہے، جس میں ایکسچینج لسٹنگ، ٹریڈنگ خدمات، کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ، انڈیکس اور مارکیٹ ڈیٹا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ این ایس ای اس بات کی بھی نگرانی کرتا ہے کہ ٹریڈنگ اور کلیئرنگ ممبران اور لسٹڈ کمپنیاں سیبی اور ایکسچینج کے قوانین و ضوابط کی مناسب طور پر پابندی کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد