
نئی دہلی، 15 ستمبر(ہ س )۔
ملک بھر کے سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے، زیرِ التوا معاملات کم کرنے، فائلوں کے نپٹارے اور غیر ضروری سامان کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی مہم-6 کا آغاز 16 ستمبر سے ہوگا۔ اس مہم کی نگرانی کے لیے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ بدھ کو ایک ویب پورٹل لانچ کریں گے۔
کاروائی، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت کے مطابق، 16 سے 30 ستمبر تک مہم کا تیاری مرحلہ جاری رہے گا، جبکہ 2 سے 31 اکتوبر تک اس پر عملی طور پر کام کیا جائے گا۔ اس بار مہم میں ای-کچرے کی مو¿ثر وصولی، علیحدگی اور تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کا مقصد سرکاری دفاتر میں صفائی کو مستقل نظام کا حصہ بنانا اور زیرِ التوا کاموں کو کم کرنا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ 2021 سے انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا محکمہ اس مہم کو چلا رہا ہے۔ گزشتہ پانچ خصوصی مہمات کے دوران ملک بھر میں 24.20 لاکھ سے زائد مقامات کا احاطہ کیا گیا، 180.48 لاکھ سے زائد فائلوں کا نپٹارا کیا گیا اور کباڑ کی فروخت و تلفی سے 5,102.91 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہوئی۔
خصوصی مہم-5 کے دوران ہی 11.6 لاکھ مقامات کو شامل کیا گیا، 29.52 لاکھ فائلوں کا نپٹارا ہوا، 233.75 لاکھ مربع فٹ دفتری جگہ خالی کرائی گئی اور کباڑ کے نپٹارے سے 833.92 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔
خصوصی مہم-6 تمام وزارتوں، محکموں، ان سے وابستہ دفاتر، خودمختار اداروں، فیلڈ دفاتر اور بیرونِ ملک قائم بھارتی مشنز میں چلائی جائے گی۔ اس دوران شہریوں پر مرکوز طریقہ کار، شمولیت اور بہتر دفتری انتظام کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ