
کنشاسا (کانگو)،11ستمبر(ہ س)۔
افریقی ملک کانگو کے مشرقی حصے میں واقع شہر بوکاوو میں لگنے والی آگ میں کم از کم 27 بچوں کی موت ہوگئی، جن میں 19 لڑکیاں اور 8 لڑکے شامل ہیں۔ اس المناک آتشزدگی میں 300 سے زائد گھر اور دو اسکول بھی خاکستر ہوگئے۔
جنوبی کیوو صوبے کے دارالحکومت بوکاوو پر روانڈا کی فوج اور اس کی ایم 23 ملیشیا کا قبضہ ہے۔ جمہوری جمہوریہ کانگو کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایجنس کانگولیز ڈی پریس‘ (اے سی پی) نے 10 ستمبر کو نشر کی گئی اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔
اے سی پی کے مطابق اسپتال اور اسکول ذرائع سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 17 زخمیوں کا علاج کدوتو جنرل اسپتال جبکہ 12 کا کدوتو صوبائی جنرل ریفرل اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ اسکول ذرائع کے مطابق 300 سے زائد مکانات آگ کی زد میں آکر جل گئے۔ اس کے علاوہ دو اسکول—باغیرا کمیون میں واقع ای پی موسالا اور کدوتو کمیون میں واقع ای پی نونگوں بھی متاثر ہوئے ہیں۔
آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ذرائع کے مطابق آگ تین سڑکوں کاشیکے، لوگولو اور الیلا تک پھیل گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ایک مقامی باشندے نے کہا، ’’ہمیں نہیں معلوم کہ بوکاوو میں کیا ہو رہا ہے۔ ایک ماہ کے اندر آگ لگنے کے 18 واقعات میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہمیں حکومت کی مدد کی ضرورت ہے۔ اسکول کا نیا تعلیمی سال شروع ہونے والا ہے، ایسے میں ہمیں نہیں معلوم کہ ہم بچوں کے ساتھ رات کہاں گزاریں گے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan