مودی-پوتن میٹنگ : دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ اور عالمی سیاسی امور پر کی گفتگو
مودی-پوتن میٹنگ : دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ اور عالمی سیاسی امور پر کی گفتگو نئی دہلی، 11 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے دو طرفہ ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، توانائی،
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہاں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی


مودی-پوتن میٹنگ : دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ اور عالمی سیاسی امور پر کی گفتگو

نئی دہلی، 11 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے دو طرفہ ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، توانائی، خلائی تحقیق، فروغِ ہنر وغیرہ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور عالمی نیز جغرافیائی و سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں یوکرین جنگ، بحیرہ اسود کے خطے میں تجارتی جہازوں پر حملے اور ہندوستانی ملاحوں کے تحفظ کے مسائل بھی شامل تھے۔

پوتن ہندوستان کی صدارت میں کل سے شروع ہونے والی 18ویں برکس سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے آج علی الصبح یہاں پہنچے ہیں اور وہ تین روزہ دورے پر آئے ہیں۔

بھارت منڈپم میں بعد دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں وزارت خارجہ نے بتایا کہ میٹنگ میں دونوں رہنماوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، توانائی، خلائی تحقیق، اسکل موبلٹی اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے روس کی بین الاقوامی صنعتی نمائش ’’انوپروم انڈیا‘‘ کا خیر مقدم کیا، جو پہلی بار ہندوستان میں 11-9 ستمبر 2026 کو منعقد کی گئی اور تجارت نیز صنعتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماوں نے انوپروم انڈیا نمائش کا دورہ بھی کیا اور شرکاء سے بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق رہنماوں نے کثیر فریقی شعبے میں ہندوستان-روس اشتراک، خاص طور پر 2026 میں ہندوستان کی صدارت میں برکس کے تناظر میں، خیالات کا تبادلہ کیا۔

انہوں نے باہمی مفاد کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی نکتۂ نظر شیئر کیا، جن میں مغربی ایشیا اور بحیرہ اسود کے خطے کے تنازعات شامل ہیں، جن کا اثر سمندری تجارت اور ہندوستانی ملاحوں کے تحفظ پر پڑا ہے۔ وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی تنازعات کو حل کرنے کا صحیح راستہ ہے اور ہندوستان امن کی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

دونوں رہنما دونوں ممالک کے درمیان ’خصوصی اور بااختیار اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھاتے رہنے پر متفق ہوئے اور انہوں نے تسلیم کیا کہ اس شراکت داری میں مسلسل نمایاں اضافہ ہو رہا ہے اور اس نے جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتِ حال کے باوجود مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیر اعظم مودی اور روسی صدر پوتن کی اس سال یہ دوسری ملاقات تھی۔ دونوں رہنما اس سے قبل 31 اگست 2026 کو بشکیک میں 26ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کانفرنس کے دوران ملے تھے۔

وزارت خارجہ نے بتایا کہ صدر پوتن نے وزیر اعظم مودی کو 24ویں ہندوستان-روس سالانہ سربراہی کانفرنس کے لیے روس آنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم مودی نے دعوت قبول کر لی۔ سربراہی کانفرنس کی تاریخیں سفارتی ذرائع سے باہمی سہولت کے مطابق طے کی جائیں گی۔ میٹنگ میں وزیر اعظم مودی نے صدر پوتن کو ’تروکُورل‘ کا روسی ترجمہ پیش کیا، جو عظیم تمل شاعر تیروولّوور کی لا زوال تعلیمات پر مبنی ہے اور اس کا متعدد زبانوں میں ترجمہ ان کی تعلیمات کو زبانوں اور سرحدوں کے پار پہنچاتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande